تلنگانہ میں بارش، فصلوں کو نقصان،کسانوں پر بجلی گرپڑی

   

حیدرآباد15مئی (یو این آئی) تلنگانہ میں ہوئی بے موسم بارش کی وجہ سے کسانوں کو نقصان اٹھاناپڑا ہے ۔سدی پیٹ ضلع کے توگُٹہ منڈل میں ہوئی بارش کی وجہ سے دھان کی فصل کو نقصان پہنچا ۔ کسانوں نے بارش سے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ 6ماہ کی محنت کے بعد تیار دھان کی فصل کو اچانک اور بے موسم بارش سے نقصان ہواہے ۔کئی کسانوں نے کہاکہ تارپولین کور بچھانے کے باوجود ان کی فصل نہیں بچ پائی۔اُسی طرح متحدہ عادل آباد میں ہوئی اچانک بارش کے سبب کئی کسان مشکل کا شکارہوگئے ۔میدک ضلع کے نارسنگی میں ہوئی بارش کے سبب کئی درخت اکھڑ گئے ۔کاماریڈی کے قاسم پلی تانڈہ دھان کی خریداری کے مرکز کے قریب بجلی گرنے سے 6افرادزخمی ہوگئے ۔بارش کے دوران یہ افراد اپنی دھان کی فصل کو بچانے نکلے تھے ۔راجناسرسلہ ضلع کے مامڈی پلی دیہات میں آئی کے پی سنٹر میں بارش کے دوران بجلی گرنے سے 5کسان شدید زخمی ہوگئے ۔