دہلی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کا فیصلہ
حیدرآباد : مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کو سیلاب راحت کاری کے طور پر 245.96 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاریہ سال موسم بارش میں نقصانات سے دوچار ہونے والے 5 ریاستوں کو این ڈی آر ایف کے ذریعہ 1751.05 کروڑ روپئے کی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ سال اکٹوبر میں ہوئی دھواں دھار بارش سے شہر حیدرآباد میں جہاں جانی مالی نقصانات ہوئے ہیں وہی اضلاع میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد میں جانی مالی نقصانات ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے فوری امداد کے طور پر راحت کاری کے اقدامات کیلئے 1350 کروڑ روپئے جاری کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کیا تھا، جس پر مرکز نے ماہ اکٹوبر میں ایک مرکزی ٹیم کو نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے تلنگانہ کو روانہ کیا تھا، مرکزی ٹیم نے حیدرآباد کے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد اور تلنگانہ میں بارش کے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد جملہ 8836 کروڑ روپئے کے نقصانات ہونے کی قطعی رپورٹ مرکزی حکومت کو روانہ کی تھی۔ دہلی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تلنگانہ میں بارش کے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد 245.96 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔