الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پر چیف سکریٹری کی کارروائی
حیدرآباد۔28 فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں بڑے پیمانے پر ڈپٹی کلکٹرس کے تبادلوں کے احکام جاری کئے ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق ریاست میں جملہ 8 اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس اور 32 ڈپٹی کلکٹرس کے تبادلوں کے احکامات کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسز سانتھی کماری کی جانب سے ریاست میں طویل مدت سے ایک ہی ضلع میں خدمات انجام دے رہے عہدیداروں کے تبادلوں کے اقدامات کئے جار ہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مکتوب موصول ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے محکمہ پولیس ‘ محکمہ مال ‘ محکمہ بلدی نظم و نسق کے علاوہ دیگر محکمہ جات میں طویل مدت سے ایک ہی ضلع میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا تھا اور اسی کے مطابق تبادلوں کے احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں 32 ڈپٹی کلکٹرس اور 8 اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس کے تبادلوں کے سلسلہ میں بھی ریاستی حکومت کی جانب سے عام انتخابات کے تناظر میں احکام جاری کئے گئے ہیں اور مزید محکمہ جات کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔3