قومی صدر پارٹی امیت شاہ کے دورہ و رکنیت سازی مہم، شیوراج سنگھ چوہان کی حیدرآباد آمد
حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ دنوں بی جے پی کو برسر اقتدار لانے ہر سطح پر اپنی گرفت کو مضبوط بنانے کے لئے بی جے پی مؤثر اقدامات کرے گی اور صدر قومی بی جے پی امیت شاہ کے گزشتہ دنوں تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد کا دورہ اور بی جے پی رکنیت سازی مہم کا آغاز کرنا بی جے پی کے ان ہی اقدامات کی ایک کڑی ہے۔ علاوہ ازیں بی جے پی قومی صدر و مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے ریاست تلنگانہ کے اپنے دورہ کے موقع پر بی جے پی قائدین کو انتباہ دینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں کہ وہ تلنگانہ میں کم از کم 18 لاکھ کی رکنیت سازی کا نشانہ مکمل کریں۔ اگر اس نشانہ کو پورا کرنے کے لئے بی جے پی قائدین سے ممکن نہ ہونے کی صورت میں واضح طور پر اپنی ناکامی کا اظہار کرنے کی صورت میں وہ خود (امیت شاہ) دوبارہ ریاست تلنگانہ کا دورہ کرکے مقررہ رکنیت سازی کا نشانہ مکمل کرلیں گے جس کے نتیجہ میں ہی تلنگانہ بی جے پی قائدین رکنیت سازی کا نشانہ پورا کرنے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ سرگرمی بتارہے ہیں۔ اس طرح ریاست تلنگانہ میں بی جے پی قائدین پارٹی کی رکنیت سازی کے عمل میں تیزی دکھارہے ہیں۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قائدین ریاست تلنگانہ میں دیہی سطح سے لے کر شہری و ریاستی سطح پر پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں غیرمعمولی تیزی پیدا کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے ایک حصہ کے طور پر ہی گزشتہ دنوں امیت شاہ نے بی جے پی کی رکنیت سازی کا آغاز کیا تھا کہ فوری طور پر امیت شاہ کی ہدایت پر سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان (جوکہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی رکنیت سازی مہم کے انچارج بھی ہیں) نے آج تلنگانہ کے دورہ پر شمس آباد ایرپورٹ پہونچ گئے اور شمس آباد ایرپورٹ میں ہی بی جے پی تلنگانہ کے اہم قائدین بشمول جنرل سکریٹریز، کور کمیٹی ارکان کے ساتھ جاری بی جے پی رکنیت سازی کے تعلق سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تلنگانہ میں جاری بی جے پی رکنیت سازی کے تعلق سے دریافت کرکے مکمل تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ علاوہ ازیں تلنگانہ میں آئندہ دنوں کے دوران منعقد ہونے والے مجوزہ انتخابات کے سلسلہ میں دیگر قائدین کی بی جے پی میں شمولیت کو یقینی بنانے پر بھی اولین ترجیح دینے کی پارٹی قائدین کو شیوراج سنگھ چوہان نے ضروری ہدایات دیں بلکہ مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کے مشورے بھی دیئے۔ اسی ذرائع کے مطابق شیوراج سنگھ چوہان نے جاریہ ماہ 16 تا 18 جولائی پارٹی کے تمام ’’وستارکوں‘‘ کو حلقہ جات اسمبلی کا دورہ کرکے ممکنہ حد تک مکمل حلقہ کا دورہ کرنے کا بھی حکم دیا اور کہاکہ شہری علاقوں کے عوام تک بی جے پی کا پیام پہونچانے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کی تلنگانہ بی جے پی قائدین کو ضروری ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے دیگر نئے قائدین کو کس طرح کی ذمہ داری دی جانی چاہئے اس پر بھی پارٹی قائدین کے ساتھ تفصیلی مشاورت کرکے ضروری ہدایات دیں۔ شیوراج سنگھ چوہان کے ساتھ منعقدہ اس اجلاس میں ریاستی بی جے پی کے ذمہ دار قائدین کے علاوہ منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ جی کشن ریڈی و دیگر بی جے پی قائدین بھی شریک تھے۔