تلنگانہ میں تباہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 2500 کروڑ روپئے کی منظوری

   


چیف منسٹر کے سی آر کا اعلیٰ سطحی اجلاس، ٹنڈرس آئندہ دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔26 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سڑکوں اور کلورٹ کی تعمیر و مرمت کے لئے 2500 کروڑ کا بجٹ جاری کیا ہے ۔ ریاست میں حالیہ بارش کے نتیجہ میں کئی اضلاع میں سڑکوں کو بھاری نقصان پہنچا ، اس کے علاوہ کئی بریج اور کلورٹس پانی کے بہاؤ سے بہہ گئے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے بارے میں جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے محکمہ عمارات و شوارع کو تعمیری کاموں کے ٹنڈرس کو جلد از جلد قطعیت دینے کی ہدایت دی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 2500 کروڑ میں سے 1865 کروڑ سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خرچ کئے جائیں گے جبکہ کلورٹس کی تعمیر پر 635 کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ تعمیری کاموں کے سلسلہ میں شخصی طور پر دلچسپی لیں تاکہ مرمتی کام مقررہ نشانہ کے تحت مکمل کرلئے جائیں۔ چیف منسٹر نے محکمہ فینانس کو فنڈس کی اجرائی کی ہدایت دی ہے ۔ وزیر عمارات و شوارع نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سڑکوں کی بحالی اور مرمت کے کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کریم نگر ، عادل آباد ، ورنگل، کھمم، میدک ، نلگنڈہ ، محبوب نگر ، نظام آباد اور رنگا ریڈی اضلاع میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں سڑکوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ کئی دیہاتوں میں داخلہ کے مقامات پر کلورٹس پانی میں بہہ گئے۔ بارش کے نتیجہ میں ریاست کے 664 مقامات پر 27521 کیلو میٹر ریاستی سڑکوں اور 1675 کیلو میٹر طویل سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے تحت موجود 1087 کلورٹس بری طرح تباہ ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق آئندہ دو ماہ میں ٹنڈرس کو قطعیت دینے کے کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ر