کئی علاقوں میں درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچ گیا، اپریل ۔ مئی کے دوران مزید شدت ممکن
حیدرآباد: تلنگانہ میں جاریہ موسم سرما گزشتہ کے مقابلہ زیادہ صبر آزما ہوسکتا ہے۔ گرما کے آغاز کے ساتھ ہی تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں درج حرارت 39 تا 40 ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا ۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی رپورٹ کے مطابق بھدرادری کتہ گوڑم ضلع میں اعظم ترین درجہ حرارت 39.8 سلسیس ریکارڈ کیا گیا اور امکان ہے کہ جاریہ ماہ یہ 40 ڈگری سلسیس تک پہنچ جائیگا ۔ اپریل اور مئی کے درمیان تلنگانہ میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کئی اضلاع میں ابھی سے درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے۔ 30 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ موسم گرما توقع کے مطابق سخت رہے گا۔ شمالی تلنگانہ کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے ۔ ڈائرکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر کے ناگا رتنا کے مطابق گرم ہواؤں سے تلنگانہ میں گرمی میں اضافہ ہوگا۔ نظام آباد میں درجہ حرارت 38.6 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ عادل آباد میں 38.3 اور بھدری چلم میں 38.2 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محبوب نگر درجہ حرارت 37 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ حیدرآباد میں 36.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ عادل آباد ارلی گاؤں میں سب سے کم درجہ حرارت 13.4 ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ محکمہ کے مطابق آئندہ چند دنوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ نلگنڈہ ، سوریا پیٹ ، کھمم ، محبوب آباد ، جنگاؤں ، ورنگل ، کریم نگر ، کاما ریڈی ، جگتیال ، نظام آباد ، نرمل ، عادل آباد اور آصف آباد میں درجہ حرارت 37.1 تا 39.1 ڈگری ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔