کوآرڈی نیشن کمیٹی کی تشکیل، حکومت کو سرچ کمیٹی رپورٹس کا انتظار
حیدرآباد : تلنگانہ میں یونیورسٹیز وائس چانسلرس کے تقررات کا عمل حکومت نے شروع کردیا ہے۔ اندرون تین ہفتے تمام ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقررات کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی۔ حکومت نے وائس چانسلرس عہدے کیلئے تین ناموں کی سفارش کرنے سرچ کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے ہر یونیورسٹی کو محصلہ درخواستوں کی جانچ کی جائیگی اور اہل امیدواروں کے ناموں کی سفارش کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ حکومت وائس چانسلرس کے ناموں کی فہرست منظوری کیلئے گورنر کو روانہ کریگی۔ طریقہ کار کے مطابق حکومت ترجیحی بنیادوں پر ہر یونیورسٹی کیلئے تین ناموں کی سفارش کرتی ہے جن میں سے گورنر ایک نام کو منظوری دیتے ہیں۔ سرچ کمیٹی گزشتہ سال قائم کی گئی تھی لیکن کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں تقررات کا عمل متاثر ہوا۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے وائس چانسلرس تقررات میں سرعت پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ حکومت کی جانب سے اہل امیدواروں سے درخواستوں کی طلبی کے نتیجہ میں 9 ریاستی یونیورسٹیز کے لئے جملہ 984 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اُن میں سے 142 درخواستیں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی وائس چانسلر کیلئے ہیں۔ کریم نگر کی ساتاوہانہ یونیورسٹی کیلئے 125 اور مہاتما گاندھی یونیورسٹی نلگنڈہ کیلئے 124 ‘ پالمور یونیورسٹی محبوب نگر کیلئے 122 درخواستیں ملیہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی اور تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد کے لئے علی الترتیب 114 درخواستیں داخل کی گئیں۔ کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کے لئے 110 ، جواہرلال نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد اور پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کے لئے علی الترتیب 56 اور 23 درخواستیں وصول ہوئیں۔ حکومت نے یونیورسٹیز کے انچارج وائس چانسلرس کی حیثیت سے آئی اے ایس عہدیداروں کا تقرر کیا ہے۔