تلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ

   

حیدرآباد15جنوری(یواین آئی) تلنگانہ میں حیدرآباد سمیت کئی اضلاع میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ صبح کے اوقات میں کہر کی وجہ سے گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔کئی گاڑی سوار ہیڈلائٹس کھول کر گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کیلئے جانے والے افراد اور کسان اپنے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے کاموں کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل کا سامنا ہے ۔ کئی لوگ سردی سے بچنے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ بھی تاپ رہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ صبح اورشام کے اوقات میں بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں ۔اضلاع کے ایجنسی علاقوں و جنگلات سے متصل آبادیوں میں سردی کی لہر بڑھ گئی ہے ۔