محبوب نگر ضلع کی جھیلوں اور تالابوں کو ترقی دینے منصوبہ بندی، عوامی نمائندوں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاحتی مقامات کی ترقی کے بارے میں حکومت سنجیدہ ہے۔ ریاست میں کئی ایسے سیاحتی مقامات ہیں جو عالمی سطح پر اپنی شہرت رکھتے ہیں۔ وزیر سیاحت نے ٹورازم اسٹڈی ٹور کے تحت آج متحدہ ضلع محبوب نگر کے دیورکدرہ اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا اور سیاحتی مقامات کی ترقی کا جائزہ لیا۔ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی، ارکان اسمبلی مدھوسدن ریڈی، پی شنکر، وی سری ہری، ڈی کرشنا موہن ریڈی، ومشی کرشنا، کے نارائن ریڈی، راجیش ریڈی، میگھا ریڈی، انیرودھ ریڈی، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ومشی چند ریڈی اور اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار کے علاوہ مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ ریاست میں سیاحتی مقامات کی ترقی کے ذریعہ عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست بھر میں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں سیاحت کے شعبہ کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عالمی طرز کے سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سیاحتی مقامات کی ترقی کے ذریعہ دیہی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ متحدہ محبوب نگر ضلع میں کئی علاقوں کو سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔1