حیدرآباد 31 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ ہوتی جارہی ہے۔بیشتر مقامات پر سڑکوں پر کہردیکھی جارہی ہے۔محکمہ موسمیات نے چھوٹے بچوں، ضعیف افراداورحاملہ خواتین کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔صبح تقریبا9بجے تک بھی سڑکوں پر کہر دیکھی جارہی ہے۔گہرے کہر کی وجہ سے شہر کے شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر طیاروں کی آمدورفت متاثرہونے کی اطلاع ہے۔ کچھ طیاروں کا رخ موڑ دیا گیا ہے ۔ سردی سے بچنے لوگ سڑکوں پر آگ تاپنے کا کام کررہے ہیں۔ کہر کہ وجہ سے حادثات بھی پیش آرہے ہیں کیونکہ راستہ صاف نظرنہیں آرہا ہے۔شمالی ہند سے تلنگانہ کی سمت چلنے والی سرد ہواوں کے نتیجہ میں سردی کی لہر میں اضافہ دیکھاجارہا ہے۔کمرم بھیم آصف آباد سرپور میں سب سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ عادل آباد سوناس میں درجہ حرارت 10.8 ڈگری، نرمل میں 12.6 اور منچیریال میں 13.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے دو دن تک چوکسی کی وارننگ دی ہے۔ کھمم، نلگنڈہ، رنگاریڈی، حیدرآباد اور میدک اضلاع کو الرٹ کردیا گیا ۔ بعض اضلاع کیلئے محکمہ نے ایلوالرٹ جاری کیا ہے۔دھند کی وجہ سے سنگاریڈی میں سڑک حادثہ پیش آیا۔ حیدرآباد ممبئی قومی شاہراہ پر بس آگے جارہی دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ کئی مسافر زخمی ہو گئے۔