چوتھے مرحلے کی مانیٹرینگ سروے رپورٹ کے بعد ڈی ایف او روہت گوپیڈی کا انکشاف
حیدرآباد : /10 ستمبر (سیاست نیوز) ڈی ایف او روہت گوپیڈی نے بتایا کہ امر آباد ٹائیگر ریزرو میں شیروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے چوتھے مرحلے کی مانیٹرینگ سروے رپورٹ میں اس کا سرکاری طور پر انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سروے کے بہ نسبت تازہ سروے میں شیروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ماضی میں شیروں کی تعداد 22 تھی جو اب بڑھکر 34 تک پہنچ گئی ہے ۔ ان میں 11 نر ٹائیگرز 15 مادہ شیریں اور 8 شیر کے بچوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ امرا آباد ٹائیگر ریزرو سرکل (نلگنڈہ ۔ ناگرکرنول) کو 4 بلاکس میں تقسیم کرتے ہوئے سروے کیا گیا ہے ۔ 903 مقامات پر 1806 کیمرہ ٹریپ لگائے گئے ۔ /12 ڈسمبر 2023 ء سے /2 مئی 2024 ء تک سروے کیا گیا ۔ جنگل میں شیروں کے ساتھ ساتھ 183 چیتے 14 ہزار دھبے والے ہرن ، 5309 سانبر ، 2347 نیل گائے ، 768 ہارمز اینٹی پول ، 8030 جنگلی خنزیر ، 4080 پہاڑی جانور ، بندر اور دیگر جانور پائے گئے ۔ جنگلات اور جنگلی حیات کی ترقی کیلئے خصوصی نگرانی رکھی گئی ۔ عملہ کے ساتھ کیمرہ ٹریپ ، جنگلی جانوروں کی خوراک کی عادات ، بیالوجی لیاب کے ذریعہ نگرانی رکھی جارہی ہے ۔ جانوروں کی صحت پر خاص توجہ دی جارہی ہے ۔ گھانس کو اُگانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ روہت نے کہا کہ جنگلی حیات کی ترقی میں مقامی لوگوں کا تعاون ناقابل فراموش ہے ۔ مزید تعاون فراہم کیا گیا تو امرا آباد ٹائیگر ریزرو کو مزید تر قی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ 2