بدنام زمانہ منشیات اسمگلر کی گرفتاری کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست میں منشیات کے چلن کو ختم کرنے اور ریاست تلنگانہ کو منشیات سے پاک ریاست بنانے کیلئے تلنگانہ پولیس ایک نئی حکمت عملی کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ فی الحال فرینڈلی اور کمیونٹی پولیسنگ کے علاوہ خواتین کا تحفظ اور خواتین کے معاملات میں مثالی ریاست کی شناخت رکھنے والی اسٹیٹ پولیس نے منشیات کے خاتمہ کیلئے قومی تحقیقاتی اداروں سے تال میل کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسیوں سے ملکر منشیات کی درآمد اور سربراہی پر روک لگانے کا مکمل فیصلہ کرلیا ہے۔ حالیہ دنوں گوا کے بدنام زمانہ منشیات کے اسمگلر ایڈرین کی گرفتاری کے بعد پولیس کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل آسان ہوگیا۔ منشیات کی درآمد کو روکے بغیر منشیات کا خاتمہ کرنا کسی بھی صورت میں پولیس کو ممکن نظر نہیں آتا۔ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت اور سنجیدہ اقدامات کے بعد پولیس نے سخت اقدامات کا آغاز کیا۔حکومت نے اس سلسلہ میں اینٹی نارکوٹک بیورو قائم کیا ۔ حیدرآباد اینٹی نارکوٹک ونگ کے بہترین نتائج کے بعد لئے گئے اس فیصلہ سے پولیس کے حوصلے بلند ہیں۔ حکومت نے اینٹی نارکوٹک بیورو قائم کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری بھی حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند کے سپرد کردی۔ اب پولیس ریاست بھر کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی نظریں مرکوز کئے ہوئے ہے۔ بین ریاستی ٹولیوں کے سبب دوسری ریاستوں میں ان افراد کی گرفتاریوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ان حالات اور وجوہات کو دیکھتے ہوئے ریاستی پولیس نے قومی ایجنسیوں سے تال میل کو اہمیت دی ہے۔ امکان ہے کہ عنقریب قومی ایجنسیوں کے ساتھ ریاستی پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا۔ منشیات کے خلاف سرگرم نارکوٹک کنٹرول بیورو، ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس اور کسٹمس کی مدد حاصل کی جائے گی۔ ان قومی ایجنسیوں کے تعاون سے ملک کے کسی بھی کونے میں کارروائی کرنا آسان ہوگا۔ چونکہ ان قومی ایجنسیوں کے ہر ریاست میں یونٹ رہتے ہیں اور ان یونٹس کے سبب تال میل اور اطلاعات کے تبادلہ میں آسانی کے علاوہ خاطیوں کو باآسانی گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ گانجہ اور حشش آئیل اور دیگر نشیلی ادویات ریاست اور پڑوسی ریاست میں دستیاب رہتے ہیں بلکہ کوکین اور ہیرائن کی درآمد بیرونی ممالک سے ہوتی ہے اور اکثر بری و بحری ذرائع سے ان منشیات کو ملک میں منتقل کیا جارہا ہے۔ ع
اس کے بعد یہاں ایسی کئی ٹولیاں سرگرم ہیں جو ان منشیات کو ملک کے ہر حصہ میں پھیلاری ہیں۔ ان سرگرمیوں پر روک لگانے اور منشیات پر مکمل کنٹرول کیلئے ریاستی پولیس نے اس حکمت عملی کو تیار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی سطح پر تال میل کے بعد بین الاقوامی سطح پر انٹرپول سے مدد کے اقدامات کو اہمیت دی جائے گی۔ع