تلنگانہ میں ووٹرس کی تعداد 2 کروڑ 95 لاکھ 80 ہزار

   

فہرست کا مسودہ جاری، خاتون ووٹرس کی تعداد زیادہ، اعتراضات پیش کرنے 15 دن کی مہلت
حیدرآباد ۔10 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے بعد الیکشن کمیشن نے مسودہ جاری کردیا جس کے مطابق ووٹرس کی جملہ تعداد 29580736 ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی کے بعد 9 نومبر کو مسودہ جاری کیا گیا جس کے مطابق مرد رائے دہندے 14858887 جبکہ خاتون رائے دہندے 14702391 ہیں۔ 33 اضلاع میں 119 اسمبلی حلقہ اور پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 34891 ہے۔ وکاس راج کے مطابق مخنس ووٹرس 1654 ہیں جبکہ این آر آئی ووٹرس کی تعداد 2737 ہے ۔ سرویس ووٹرس 15067 رائے دہندے ہیں۔ 18 سے 19 سال کے رائے دہندوں کی تعداد 83207 ہے۔ وکاس راج نے سابق میں نظرثانی کا حوالہ دیا اور کہا کہ 2021 ء میں شروع کردہ نظرثانی مہم کے بعد 5 جنوری کو ووٹر لسٹ جاری کی گئی جس میں ووٹرس کی جملہ تعداد 30356894 درج کی گئی تھی۔ فہرست میں 345648 نام شامل کئے گئے جبکہ 1136873 نام خارج کئے گئے ۔ اس طرح 9 نومبر کو ووٹر لسٹ کا قطعی مسودہ جاری کیا گیا۔ وکاس راج کے مطابق عوام ناموں کی شمولیت یا اخراج کے بارے میں اپنے دعوے اور اعتراضات مقررہ درخواست فارم کے ذریعہ پیش کرسکتے ہیں۔ ایسے ووٹر جن کے نام غلطی سے حذف کردیئے گئے وہ عوامی نمائندگان قانون کے دفعہ 24 کے تحت اندرون 15 یوم ضلع الیکشن آفس کے پاس درخواست پیش کرسکتے ہیں یا پھر نظرثانی مہم میں فارم 6 داخل کرسکتے ہیں۔ تمام ضلع الیکٹورل آفیسرس کو ہدایت دی گئی کہ سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ہفتہ واری اجلاس طلب کرکے درخواستوں کی وصولی ‘ ان پر کارروائی سے واقف کرائیں۔ پارٹیوں سے درخواست کی گئی کہ وہ بوتھ سطح ایجنٹس کا تقرر کریں۔ عوام میں شعور بیداری کیلئے رضاکارانہ تنظیموں پر مشتمل بوتھ سطح کے شعور بیداری گروپ تشکیل دیئے جائیں گے۔ر