ٹی آر ایس کو 56-59 کانگریس کو 37-39 اور بی جے پی کو 14-16 نشستوں پر کامیابی کے امکانات
حیدرآباد 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں فوری انتخابات ہوتے ہیں تو ٹی آر ایس کو ہی زیادہ نشستیں حاصل ہونے کا ’ آتما ساکشی ‘ گروپ کے تازہ سروے میں انکشاف ہوا ہے ۔ گذشتہ انتخابات کی بہ نسبت اس بار نشستیں اور ووٹوں کا تناسب گھٹ جانے کے باوجود کامیابی حکمران جماعت کی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ۔ سروے میں بتایا کہ تلنگانہ میں اصل مقابلہ ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان ہوگا ۔ ٹی آر ایس کو 39.5 فیصد ووٹوں کے ساتھ 56 تا 59 اسمبلی حلقوں پر کامیابی ملے گی ۔ کانگریس کو 31.5 فیصد ووٹوں کے ساتھ 37 تا 39 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ بی جے پی کو 21 فیصد ووٹوں کے ساتھ 14 تا 16 حلقوں پر کامیابی ملے گی ۔ بیشتر اضلاع میں کانگریس اور ٹی آر ایس میں اصل مقابلہ ہوگا ۔ بعض اضلاع میں کانگریس ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہوگا ۔ اس طرح مجلس کو 2.75 فیصد اور دوسری جماعتوں کو 3.25 فیصد ووٹ حاصل ہونے کا سروے میں پتہ چلا ۔ 30 جون تک تلنگانہ میں سروے کیا گیا اور 1.88 لاکھ عوام کی رائے حاصل کی گئی ہے ۔ آتما ساکشی ادارے کے سی ای او مورتی نے یہ بات بتائی ہے ۔ سروے میں دھرانی اسکیم ، یسنگی سیزن میں دھان کی خریدی ، لا اینڈ آرڈر ، ملازمتوں کے مواقع ، طرز حکمرانی کے علاوہ دیگر امور پر مشتمل 40 سوالات کے ساتھ یہ سروے کیا گیا ۔ مورتی نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں 18 ریاستوں میں سروے کئے گئے سوائے دو ریاستوں کے ماباقی ریاستوں میں سروے درست ثابت ہوئے ۔ سروے میں پتہ چلا کہ دلت بندھو اسکیم پر مناسب عمل نہ ہونے سے دلت طبقات کا 1.5 فیصد ووٹ ٹی آر ایس کیلئے گھٹ گیا ہے ۔ باوجود اس کے دلت طبقات زیادہ سے زیادہ تعداد میں ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں ۔ جبکہ ایس ٹی ووٹ ٹی آر ایس سے دور ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ خواتین ، بافندے ، گوڑ ، یادو طبقات ، کسانوں ، معمرین کے ووٹوں میں اکثریت ٹی آر ایس کے ساتھ ہے ۔ سرکاری ملازمین کا ووٹ تناسب ٹی آر ایس کیلئے کسی قدر گھٹے گا ۔ بی جے پی کا ہندو کارڈ حیدرآباد اور ضلع نظام آباد کے 5 حلقوں میں نظر آرہا ہے ۔ باقی دیگر مقامات پر اس کا کوئی اثر نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ متحدہ اضلاع نلگنڈہ ، کھمم ، میدک ، ورنگل ، محبوب نگر میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان اہم مقابلہ ہوگا ۔ اضلاع نظام آباد ، عادل آباد اور شہر حیدرآباد کے چند اسمبلی حلقوں میں کانگریس ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہوگا ۔ اضلاع نلگنڈہ اور کھمم میں شرمیلا کی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے مقابلہ سے کانگریس کو دونوں اضلاع میں 7 اسمبلی حلقوں کا نقصان ہوگا ۔ جب کہ سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع نظام آباد اور عادل آباد میں بی جے پی کے ووٹ تناسب میں اضافہ ہوا ہے۔۔ن