تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی توہین آمیز شکست یقینی : اتم کمار ریڈی

   

سستی شہرت کیلئے اروند کجریوال سے اتحاد، کسانوں سے ملاقات پروگرام سے خطاب

حیدرآباد۔/22 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ انتخابات کے سی آر کی توہین آمیز شکست پر مبنی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست میں حصہ لینے کے نام پر کے سی آر دہلی میں کجریوال اور دیگر قائدین سے ملاقات کررہے ہیں اور ان قائدین کو کارکردگی سے زیادہ صرف تشہیر کی فکر ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نلگنڈہ پارلیمانی حلقہ میں رچہ بنڈہ پروگرام کے دوسرے دن اتم کمار ریڈی نے مختلف مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ملک کیلئے چونکا دینے والی خبر کا اشارہ دیا ہے حالانکہ تلنگانہ کیلئے ان کی شکست ہر کسی کیلئے چونکا دینے والی خبر ہوگی۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں پریشان حال کسان ٹی آر ایس اور بی جے پی امیدواروں کو ضمانت سے بھی محروم کردیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اور اروند کجریوال دونوں کو صرف تشہیر کی فکر ہے اور وہ عوامی خدمت پر ایقان نہیں رکھتے۔ دہلی کے اسکول اور محلہ کلینک کے معائنہ پر تبصرہ کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے برسراقتدار آنے کے بعد سے آج تک تلنگانہ کے کسی اسکول کا دورہ نہیں کیا وہ یونیورسٹی بھی نہیں گئے۔ مقامی پرائمری ہیلت سنٹر کی صورتحال کا جائزہ لینے کی توفیق نہیں لیکن دہلی میں قیام کے دوران یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ تعلیم اور صحت کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت بہتر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تلنگانہ میں 4 ہزار سے زائد اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں انتہائی کم خرچ کرنے والی ریاستوں میں تلنگانہ کا شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں سستی شہرت کیلئے کے سی آر اور کجریوال ایک ساتھ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رچہ بنڈہ پروگرام میں کسانوں کی جانب سے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور کسانوں نے ورنگل ڈیکلریشن کا خیرمقدم کیا ہے۔ر