تلنگانہ میں پاکستانی جائیدادوں پر بنڈی سنجے کا سنسنی خیز ریمارک

   

10 ہزار کروڑ کی Enemy properties ہونے کا دعوی ‘ تحویل میں لینے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے سنسنی خیز ریمارک میں کہا کہ تلنگانہ میں موجود پاکستانیوں کی تقریبا 10 ہزار کروڑ روپئے کی جائیدادوں کو تحویل میں لے کر غریب عوام اور کسانوں میں تقسیم کیا جائے گا اور سرکاری آمدنی بڑھائی جائیگی ۔ آج ٹورازم پلازا میں بنڈی سنجے نے مرکزی و ریاستی حکام کا اجلاس طلب کرکے ( Enemy properties ) کا جائزہ لیا ۔ جس کے بعد میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں دشمن کی جائیدادوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اضلاع رنگاریڈی ، حیدرآباد ، کتہ گوڑم ، وقار آباد میں کئی Enemy properties پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں ۔ انہیں کس طرح تحویل میں لیا جائے ۔ قواعد کے مطابق قبضہ پر رہنے والے عام لوگوں اور کسانوں میں تقسیم کرنے مواقع کا جائزہ لیا گیا ۔ تمام امور کا سروے کیا جائے ۔ ریکارڈس کی جانچ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ ماضی میں پاکستان سے جنگ کے موقع پر انڈیا سے پاکستان گئے افراد یہاں اپنی جائیدادوں کو چھوڑ کر گئے اس طرح پاکستان سے ہندوستان آئے افراد نے اپنی جائیدادوں کو وہیں چھوڑ دیا ۔ پاکستان نے معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے ان اثاثوں کو فروخت کیا ۔ اس تناظر میں ہم نے اینمی جائیدادوں کو فروخت کرکے آمدنی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اندازہ ہے کہ تلنگانہ میں تقریبا 10 ہزار کروڑ کی اینمی جائیدادیں ہیں ۔ عہدیداروں کو اواخر مارچ تک ان جائیدادوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ 2