ریاست کے امن کو برباد کرنے کا الزام ، ایم ایل سی ادنکی دیاکر
حیدرآباد۔2۔جون۔(سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل مسٹرادنکی دیاکر نے پون کلیان کی تلنگانہ میں سرگرمیوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پون کلیان تلنگانہ کے امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں!انہو ںنے الزام عائد کیا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی تلنگانہ میں ’جنا سینا ‘ اور پون کلیان کو استعمال کرتے ہوئے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ پون کلیان اپنی پارٹی اور ’سناتھن دھرما‘ کے نظریات کے ذریعہ بی جے پی مدد کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ادنکی دیاکر نے پون کلیان سے استفسار کیا کہ تلنگانہ میں ان کا کیا کام ہے!انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش کو اپنی حکمرانی کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ٔ حیدرآباد اور جلسہ عام سے خطاب کے دوران بنگال کے بعد تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے نشانہ کا اعلان کرتے ہوئے اسی منصوبہ کا اشارہ دیا گیا تھا۔ رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں آندھرائی سیاسی جماعت کی کسی بھی طرح کی سرگرمیاں دراصل ریاست میں بدامنی پھیلانے اور ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے علاوہ تلنگانہ عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش ہیں۔ انہو ںنے الزام عائد کیا کہ پون کلیان یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر تلنگانہ و آندھرائی عوام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔انہوں نے یا ددلایا کہ قیام تلنگانہ کے اعلان پر جس شخص نے تلنگانہ کی مخالفت کرتے ہوئے کئی دن تک بھوکا رہنے کی خود تصدیق کی ہے اس شخص سے تلنگانہ عوام کی ترقی کی امید کس طرح سے کی جاسکتی ہے۔انہو ںنے پون کلیان کو تلگو عوام کے درمیان تفرقہ پیدا نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی انہیں ’قربانی کا بکرا‘ بنارہی ہے۔3