تلنگانہ میں چھوٹے تاجرین کو 676کروڑ روپئے قرض کی اجرائی

   

پہلے مرحلے میں 3.60 لاکھ اور دوسرے مرحلہ میں 1.58 لاکھ افراد کو قرض جاری ۔ سود کی رعایت میں ریاست سرفہرست
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) اسٹریٹ وینڈرس گلی نکڑ پر کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجرین کو قرض کی ادائیگی کے معاملے میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہے ۔ ریاست میں تاحال دو اقساط میں 676 کروڑ روپئے قرض فراہم کیا گیا ہے ۔ تیسرے مرحلے کی قرض اجرائی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اُن لوگوں کو ہی قرض کی تیسری قسط جاری کی جائیں گی جنھوں نے دوسرے مرحلے کا قرض باقاعدگی سے ادا کیا ہے ۔ حکومت اسٹریٹ وینڈرز کو بینکوں سے 7 فیصد سود پر قرض ادا کرتی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 6,20,435 لاکھ اسٹریٹ وینڈرز میں جن میں 3 لاکھ 60 ہزار 246 افراد کو 10 ہزار کی پہلی قسط دی گئی ۔ 1,58,353 افراد جنھوں نے ان قرضوں کی ادائیگی کی ہے اُنھیں دوسری قسط کے طورپر 20 ہزار روپئے کے حساب سے قرض جاری کیا گیا ۔ 7 فیصد سود پر مشتمل ان قرضوں کو اندرون ایک سال ادا کردینے پر 5 فیصد سود کی رقم واپس کردی جارہی ہے ۔ ابھی تک ملک بھر میں جملہ 58.85 کروڑ روپئے کا سود واپس لوٹا دیا گیا ہے جس میں تلنگانہ کے چھوٹے تاجرین کو تقریباً 14 فیصد (8.24) کروڑ روپئے ادا کئے گئے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت چھوٹے تاجروں کو قرض فراہم کرنے اور اُن کے کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے ’’وینڈنگ زونس ‘‘ بنارہی ہے ۔ ریاست بھر میں دوکانات کے قیام کیلئے جملہ 2676 شیڈس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں ابھی تک 1294 شیڈس مکمل ہوچکے ہیں ماباقی 1,382 شیڈس زیرتعمیر ہیں ۔ اسٹریٹ وینڈرس کو ڈیجیٹل لین دین کی ترغیب دینے میں بھی ریاست تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ کم از کم 25 روپئے کی ڈیجیٹل لین دینے ماہانہ 200 سے زائد لین دین کی ادائیگی پر حکومت تاجرین کو 100 روپئے کی ترغیبات دیتے ہوئے حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ اس طرح ملک بھر میں 21.08 کروڑ روپئے کی مراعات دی گئی ہیں اور تلنگانہ کے چھوٹے تاجرین کو 4.13 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں ۔ ن