حکومت کی 100 دن کی کارکردگی سے عوام مطمئن، مرکز میں انڈیا الائینس حکومت تشکیل پائے گی
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ بھٹی وکرامارکا نے لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کو تلنگانہ میں 12 تا 14 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ بھوپال پلی ضلع کے منتھنی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پر لوک سبھا نتائج عوامی ریفرنڈم رہیں گے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو، ارکان اسمبلی پریم ساگر راؤ، وجئے راما راؤ، لکشمن، راج ٹھاکر سنگھ اور جی ستیہ نارائنا نے ڈپٹی چیف منسٹر کا استقبال کیا۔ بھٹی وکرامارکا الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ منتھنی پہنچے جہاں وہ تین بڑے مندروں میں خصوصی پوجا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر سریدھر بابو کی دعوت پر وہ مندروں کے درشن کیلئے پہنچے ہیں۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات کی طرح لوک سبھا چناؤ میں پارٹی کی شاندار کامیابی کیلئے دن رات محنت کرنے والے کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور دستور کے تحفظ کیلئے عوام نے رائے دہی کے عمل میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا ہے۔ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور ملک سے نفرت کے خاتمہ کیلئے راہول گاندھی نے سخت جدوجہد کی ہے۔ کنیا کماری سے کشمیر تک اور پھر منی پور سے مہاراشٹرا تک راہول گاندھی نے ہزاروں کلو میٹر کا سفر کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ گاندھی خاندان کی طویل جدوجہد کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے مرکز میں انڈیا الائینس کے برسر اقتدار آنے کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ غریبوں اور پسماندہ طبقات کو آبادی کے اعتبار سے ملک کے وسائل میں حصہ داری دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی شکست کے خوف سے راہول گاندھی اور کانگریس کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے انڈیا الائینس کی تائید کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے انتخابی مہم اور رائے دہی کے رجحانات کے حوالہ سے ریاست میں کانگریس کو 12 تا 14 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس نے اندرون 100 دن پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔1