32 اسمبلی حلقوں میں انچارجس نہیں، ہائی کمان کو ہنمنت راؤ کا مکتوب
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں کانگریس کی ابتر صورتحال کے سبب کور کمیٹی کا اجلاس فوری طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پارٹی ہائی کمان اور تلنگانہ اُمور کے انچارج آر سی کنتیا سے اپیل کی کہ تلنگانہ میں کانگریس کو مستحکم کرنے اور دوبارہ اقتدار پر واپسی کی حکمت عملی تیار کرنے کور کمیٹی طلب کی جائے تاکہ سینئر قائدین کی رائے حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے بعد سے پارٹی کی تنظیم سازی پر توجہ نہیں دی گئی ہے۔ انتخابات میں دیگر جماعتوں سے اتحاد کے سبب پارٹی کے حقیقی قائدین ٹکٹ سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور دیگر پارٹیوں سے آنے والے افراد کو اہمیت دی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں حقیقی کارکنوں اور قائدین کے حوصلے پست ہیں۔ برسراقتدار پارٹی کے لالچ میں کئی ارکان اسمبلی اور قائدین نے کانگریس کا دامن چھوڑ دیا۔ 32 اسمبلی حلقہ جات ایسے ہیں جہاں کانگریس کا کوئی انچارج نہیں ہے۔ عوامی مسائل پر جدوجہد کیلئے اضلاع میں قائدین اور کارکنوں کی کمی پارٹی کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی کانگریس کارکنوں اور قائدین سے ناانصافی کے ازالہ کیلئے منصوبہ بندی کی جانی چاہیئے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو کارکنوں کے حوصلے پست ہوجائیں گے اور پارٹی میں کوئی نہیں بچے گا۔ انہوں نے شکایت کی کہ ایس سی ، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کو مناسب اہمیت نہیں دی جارہی ہے اور دیگر پارٹیوں سے آنے والے افراد کو ہائی کمان غیر معمولی اہمیت دے رہا ہے ۔اس رویہ کو ترک کرنے کی ضرورت ہے۔