تلنگانہ میں کانگریس کی لوک سبھا و پنچایت انتخابات کی تیاریاں

,

   

ریاستی قائدین کی دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات ۔ 10 جنوری تک 33 اضلاع کے کانگریس صدور کی نامزدگی

حیدرآباد۔3 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی نے دہلی میں تلنگانہ کے اہم کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کیا۔ 10 جنوری تک تلنگانہ کے تمام 33 اضلاع کے کانگریس صدور کو نامزد کرنے کی ہدایت دی۔ 4 ، 5 اور 7 جنوری کو تلنگانہ کے تین انچارج سیکریٹریز سرینواس کرشنن، سلیم احمد، اور این ایس بوس راجو 17 پارلیمانی حلقوں کے اسمبلی انچارجس اور دیگر اہم قائدین کا اجلاس طلب کریں گے۔ گرام پنچایت اور لوک سبھا کے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ تلنگانہ کے انچارج جنرل سیکریٹری آر سی کنٹیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی اور دوسرے قائدین نے آج دہلی پہنچ کر کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کا جائزہ لیتے ہوئے گرام پنچایت اور لوک سبھا کی انتخابی حکمت عملی اور پارٹی کو تنظیمی سطح پر طاقتور بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ اسمبلی نتائج کے بعد تین ہفتوں تک خاموش رہنے والی کانگریس پارٹی دوبارہ انتخابی تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہے۔ کل سے یعنی 4 جنوری سے جائزہ اجلاسوں کا اہتمام کررہی ہے۔ 4 جنوری کو دوپہر 2 بجے تا شام 7 بجے تک 6 پارلیمانی حلقوں عادل آباد، پیداپلی، نظام آباد، کریم نگر، ظہیرآباد اور ورنگل کے اے آئی سی سیکریٹری انچارج سرینواسن کرشن گاندھی بھون میں قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرکے گرام پنچایت انتخابات، لوک سبھا کے انتخابات، امیدواروں کے انتخاب اور اضلاع صدور کے امکانی ناموں پر غور کریں گے۔

5 جنوری کو انچارج اے آئی سی سی سلیم احمد 11 تا شام 5 بجے تک پارلیمانی حلقوں ناگرکرنول، محبوب نگرت کھمم، محبوب نگر، نلگنڈہ، بھونگیر قائدین کے اجلاس طلب کریں گے۔ اتوار کو کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔ 7 جنوری کو اے آئی سی سی انچارج سیکریٹری این ایس بوس راجو 11 تا شام 4 بجے تک پارلیمانی حلقے ملکاجگری، سکندرآباد حیدرآباد، میدک و چیوڑلہ کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کرینگے۔ ان اجلاسوں میں آر سی کنٹیا، اضلاع کانگریس صدور حالیہ اسمبلی انتخابات کے کانگریس امیدواروں ‘ پارلیمنٹ حدود میں شامل انچارج تلنگانہ کانگریس جنرل سیکریٹریز نائب صدور، اے آئی سی سی کے قائدین بھی حصہ لیں گے۔ پارلیمنٹ کیلئے مقابلہ کے خواہاں قائدین سے درخواست طلب کی جائیں گی اور اسمبلی کیلئے مقابلہ کرنے والے امیدوار ہی ان حلقوں کے انچارج ہوں گے۔ پارلیمنٹ کیلئے مقابلہ کے خواہاں قائدین اجلاسوں میں دعویداری پیش کرسکتے ہیں۔ راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آر سی کنٹیا و اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس شکست کے بعد تھک کر نہیں بیٹھی ہے بلکہ دوبارہ تازہ دم ہوکر عوام سے رجوع ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔ ساتھ ہی پارٹی کو تنظیمی سطح پر بھی طاقتور بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ موجودہ الیکشن کمیٹی کا سائز کم کرتے ہوئے 15 قائدین پر مشتمل ایک نئی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ گرام پنچایت کے ساتھ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا جائیگا۔