QR کوڈ پر مشتمل ، کارڈ ہولڈرس کو اپنے موبائل میں T-Ration ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا
حیدرآباد ۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں غریب عوام کیلئے راشن کی تقسیم کے نظام کو مزید شفاف اور ہائی ٹیک بنانے کیلئے ایک انقلابی قدم اٹھایا جارہا ہے۔ ریاست بھر میں کاغذ کے روایتی راشن کارڈس کی جگہ اب کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ سائز کے جدید اسمارٹ راشن کارڈس تقسیم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ریاست کے 1.05 کروڑ سے زائد خاندانوں کیلئے کارڈزچھپوا کر متعلقہ اضلاع کو روانہ کردئے گئے ہیں اور اب صرف چیف منسٹریونت ریڈی کی جانب سے تقسیم کی حتمی تاریح کے اعلان کا انتظار ہے۔ ریاست کی تشکیل کے بعد یہ پہلا موقع ہیکہ راشن کارڈس کو اسمارٹ کارڈ کی شکل دی جارہی ہے۔ یہ نیا کارڈ بالکل بینک کے اے ٹی ایم یا کریڈٹ کارڈ جیسا ہوگا جس پر کارڈ ہولڈر کا نام، پتہ اور تصویر موجود ہوگی اس کے ساتھ ہی کارڈ پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی کی تصاویر بھی پرنٹ کی گئی ہیں۔ کارڈ پر ایک مخصوص QR کوڈ دیا گیا ہے۔ اس کوڈ کو اسکیان کرتے ہی خاندان کے تمام مستفید ارکان کی تفصیلات اور اب تک اٹھائے گئے راشن کا پورا ریکارڈ اسکرین پر ظاہر ہوجائے گا۔ راشن کارڈ پر QR کوڈ اسکیان کرکے یا صرف کارڈ نمبر درج کرکے خاندان کا کوئی بھی فرد بائیومیٹرک (انگوٹھے کا نشان) دے کر راشن حاصل کرسکے گا۔ ڈیجیٹل نظام کو مانیٹر کرنے کیلئے محکمہ سیول سپلائز نے ایک موبائیل اپلی کیشن بھی متعارف کرایا ہے۔ راشن کارڈ ہولڈرس کو اپنے موبائیل پر (T-Ration) ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ اس ایپ میں (OTP) کے ذریعہ اپنے نئے راشن کارڈ کو لنک کرنا ہوگا اور سیکوریٹی کیلئے ایک M-PIN بنانا ہوگا۔ ریاست میں جملہ 1,05,42,188 راشن کارڈس ہیں جس میں مستفیدین کی جملہ تعداد 3,39,96,239 سے زائد ہے۔2/a/b