تلنگانہ میں کورونا سے ریکوری کی شرح 98 فیصد سے تجاوز

   

پازیٹیو کیسوں سے زیادہ صحت یاب افراد کی تعداد، گذشتہ 24گھنٹوں میں256 نئے کیس
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا سے ریکوری کی شرح 98 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے اور پازیٹیو کیسس سے زیادہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد درج کی جارہی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 256 نئے کیسس درج کئے گئے جبکہ 2 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ اس مدت کے دوران 298 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے۔ ریاست میں کورونا سے صحت یابی کی شرح 98.08 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ قومی شرح 96.6 فیصد ہے۔ ریاست میں پازیٹیو کیسس کی تعداد 292128 ہوچکی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد 286524 ہیں۔ کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد 1581 ہوچکی ہے۔ ایکٹیو کیسس 4005 درج کئے گئے جن میں سے 2283 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے مطابق حیدرآباد میں گذشتہ ایک ماہ سے پازیٹیو کیسس کی تعداد 100 سے کم درج کی جارہی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 51 نئے کیسس درج کئے گئے جبکہ ملکاجگیری میں 17 ، رنگاریڈی 15 ، کریم نگر 11 ، نلگنڈہ 11 ، ورنگل ( اربن ) ، پداپلی اور منچریال میں فی کس 10 کیسس درج کئے گئے۔ باقی اضلاع میں کیسس کی تعداد 10 سے کم ہے۔ اتوار اور پیر کے درمیان 31486 کورونا ٹسٹ کئے گئے۔ 29385 ٹسٹ سرکاری لیباریٹریز میں جبکہ 2101 ٹسٹ خانگی لیباریٹریز میں کئے گئے۔ ریاست میں ٹسٹوں کی تعداد 7515066 ہوچکی ہے۔ ہر 10 لاکھ آبادی میں 201901 ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں 70 فیصد کیسس غیر علامتی درج کئے گئے۔ بلیٹن کے مطابق 21 تا 50 سال عمر کے 63.9 فیصد متاثرین پائے گئے جبکہ 22.91 فیصد مریضوں کی عمر 51 سال سے زائد ہے۔ 20 سال سے کم عمر کے 13.18 فیصد مریض پائے گئے۔ جملہ پازیٹیو کیسس میں 60.44 فیصد مرد اور 39.37 فیصد خواتین شامل ہیں۔