تلنگانہ میں 15 جون سے سرکاری تعلیمی اداروں میں ناشتہ اسکیم

   

پہلے مرحلہ میں 1269 اسکولس، 33 جونیر کالجس کا انتخاب، 1.40 لاکھ سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے
حیدرآباد ۔ 13 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلبہ میں غذائیت کی کمی (Malnutration) کو دور کرنے اور ان کی صحت کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک انتہائی پرجوش ’’ناشتہ اسکیم‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فلاحی اسکیم پیر سے ریاست بھر کے منتخب1,269 سرکاری اسکولس اور 33 گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالجس میں باقاعدہ وطر پر شروع کردی جائے گی جس کے ذریعہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 40 ہزار 610 طلبہ کو روزانہ صبح گرماگرم اور صحت بخش ناشتہ فراہم کیا جائے گا۔ سرکاری احکامات کے مطابق ابتدائی طور پر اس پروگرام کا آغاز مخصوص سرکاری اسکولس اور جونیر کالجس میں پائلٹ پراجکٹ کے طور پر کیا جارہا ہے۔ اس مرحلہ کی کامیابی اور نظام کے استحکام کو دیکھنے کے بعد بہت جلد اس اسکیم کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ریاست کے تمام سرکاری اسکولس اور کالجس تک بڑھادیا جائے گا تاکہ تلنگانہ کا ہر غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا طالب علم اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکے۔ طلبہ کو صرف روایتی ناشتہ ہی نہیں دیا جائے گا بلکہ ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کو مدنظر رکھتے ہوئے مینو کو خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ طلبہ کے ہڈیوں کی مضبوطی اور کیلشیم کی کمی کو دور کرنے کیلئے راگی جاوا دیا جائے گا اور ساتھ میں دودھ بھی شامل رہے گا۔ پیر سے شروع ہونے والے اس پروگرام کیلئے اضلاع کلکٹرس اور ڈی ای اوز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اسکولس اور کالجس میں صاف صفائی اور ناشتے کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے اچانک معائنے کریں۔2/A/b