حیدرآباد و مضافاتی اضلاع میں 90 حلقے ہوں گے ، سیاسی منظرنامہ تبدیل ہونے کی توقع
حیدرآباد، 27 نومبر ]سیاست نیوز[ملک میں انتخابی حلقوں کی حد بندی کے عمل کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں اور اطلاعات کے مطابق مرکزی حکومت حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل کو دوبارہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی حکمت عملی بنا رہی ہے۔ حلقوں کی ممکنہ ازسرِنو تقسیم سے ریاست تلنگانہ کی سیاست میں غیر متوقع اور بڑی تبدیلیاں رونما ہونے کی توقع ہے۔ اگرچہ حد بندی کے رہنمایانہ خطوط کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے ، لیکن ذرائع کے مطابق تمام ریاستوں میں انتخابی حلقوں کی تعداد میں 50 فیصد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے ، جس کے نتیجہ میں تلنگانہ میں لوک سبھا کی نشستیں 17 سے بڑھ کر 25 اور اسمبلی نشستیں 119 سے بڑھ کر 179 ہو جائیں گی۔موجودہ آبادی کے تناسب سے نشستوں میں اضافے کی صورت میں اسمبلی حلقوں کی بڑی اکثریت گنجان آباد شہری علاقوں میں مرکوز ہوگی۔ اندازوں کے مطابق صرف حیدرآباد اور مضافاتی اضلاع میں ہی اسمبلی نشستوں کی تعداد بڑھ کر 90 ہو جائے گی، جو ریاست میں اقتدار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ محکمہ منصوبہ بندی اور مرکزی محکمہ شماریات کی رپورٹوں کے مطابق 2011 کی مردم شماری کی شرح نمو کے لحاظ سے ریاست کی آبادی تقریباً 3.84 کروڑ ہونی چاہیے ، جبکہ ریاستی حکومت کے جامع خاندانی و ذات شماری سروے کے مطابق یہ آبادی 3.71 کروڑ درج کی گئی ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق آئندہ مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اگر نئی حلقہ بندیاں عمل میں آتی ہیں تو پرانے حلقوں کی حدود مکمل طور پر تبدیل ہو جائیں گی۔ بالخصوص زیادہ آبادی والے علاقوں جیسے حیدرآباد اور متحدہ رنگاریڈی اضلاع کے کئی موجودہ حلقوں کو دو سے تین حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ دیہی اضلاع میں آبادی کا توازن برقرار رکھنے کے لیے مواضعات، قصبوں اور منڈلوں کو مختلف حلقوں میں ضم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایس سی اور ایس ٹی محفوظ حلقوں میں ردوبدل کے ساتھ ساتھ خواتین کے لیے نیا 33 فیصد ریزرویشن بھی نافذ ہوگا۔-2