10 اگست کو ووٹر لسٹ کے مسودہ کی اجرائی ، 12 اکتوبر کو جاری ہوگی فائنل ووٹر لسٹ
حیدرآباد۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست تلنگانہ میں جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) مہم کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اعلان کرتے ہوئے نیا اور تفصیلی شیڈول جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ فیلڈ سطح پر جاری گھر گھر سروے کے عمل میں ووٹرس کی سہولت کے پیش نظر توسیع کردی گئی ہے اور اب یہ مہم 3 اگست 2026 تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے نئے احکامات کے مطابق ریاست بھر میں گھر گھر سروے انیومریشن فارمس کی وصولی کا عمل مکمل ہونے کے بعد 10 اگست کو سرکاری طور پر مسودہ (ڈرافٹ) ووٹر لسٹ جاری کردی جائے گی۔ اس لسٹ کے ذریعہ شہری یہ جانچ کرسکیں گے کہ آیا ان کا نام انتخابی فہرست میں درست تفصیلات کے ساتھ شامل ہے یا نہیں۔ ڈرافٹ لسٹ جاری ہونے کے فوری بعد الیکشن کمیشن نے عوام کو اپنے انتخابی حقوق کے تحفظ اور ان میں اصلاحات کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔ شہری 10 اگست سے 9 ستمبر تک نئے ووٹوں کے اندراج (فارم۔ 6) اور پتہ کی تبدیلی یا ناموں کی درستگی (فارم ۔ 8) کے لئے اپنی درخواستیں اور اعتراضات جمع کراسکیں گے۔ عوام کی جانب سے موصول ہونے والے تمام شکوک و شبہات، دعوؤں اور اعتراضات کی جانچ پڑتال اور ان کے مکمل حل کا عمل انتخابی عہدیداروں کو 10 اگست سے 8 اکتوبر تک ہر حال میں مکمل کرنا ہوگا۔ ڈیجیٹلائزیشن اور خاندانی تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے 12 اکتوبر کو حتمی ووٹر لسٹ کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔ انتخابی حکام نے ریاست کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے اس نئے شیڈول سے فائدہ اٹھائیں اور 3 اگست تک اپنے متعلقہ بوتھ لیول آفیسرس کو انیومریشن فارمس جمع کرواکر اپنے قیمتی حق رائے دہی کو یقینی بنائیں۔ 2؍F