تلنگانہ :ٹی آر ایس کو 9 ‘ بی جے پی کو 4 حلقوں سے کامیابی

,

   

کانگریس کے اتم کمار ریڈی ‘ کے وینکٹ ریڈی و ریونت ریڈی کامیاب ‘نظام آباد میں کویتا کو شکست
حیدرآباد۔23مئی (سیاست نیوز) ملک میں عام انتخابات کے نتائج میں تلنگانہ کے 17حلقوںکے نتائج چونکا دینے والے رہے ۔ رات دیر گئے تک موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹی آر ایس کو 9 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی جبکہ بی جے پی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے تلنگانہ میں دوسری بڑی جماعت کا موقف حاصل کیا ہے اور کانگریس کو 3لوک سبھا نشستوں پر غیر متوقع کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے کانگریس کو ناکام بنانے کی ممکنہ کوشش کی تھی لیکن عوام نے 17پارلیمانی نشستوں میں 3پر کانگریس ‘ 4 پر بی جے پی اور ایک پر مجلس کو کامیاب بنایا ہے۔ تلنگانہ میںچونکا دینا والے نتائج حلقہ نظام آباد کے رہے جہاں چیف منسٹر کی دختر مسز کے کویتا کو بی جے پی امیدوار ڈی۔اروند فرزند ڈی سرینواس نے 70ہزار 875 ووٹوں سے شکست دیدی ۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے سکندرآباد ‘ کریم نگر اور عادل آباد سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ جی کشن ریڈی نے حلقہ سکندرآباد سے اپنے حریف ٹی سائی کرن یادو اور انجن کمار یادوں کو شکست دے دی ۔ حلقہ کریم نگر سے بنڈی سنجے نے ٹی آر ایس کے بی ونود کمار کو شکست دیدی ۔ عادل آباد سے بی جے پی کے ایس باپو راؤ نے ٹی آر ایس امیدوار جی ناگیش کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس کے 3 امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی جن میں کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور اے ریونت ریڈی شامل ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے حلقہ نلگنڈہ سے ٹی آر ایس امیدوار ویم ریڈی نرسمہا ریڈی کو شکست دی جبکہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حلقہ بھونگیر سے ٹی آر ایس امیدوار ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔

ریونت ریڈی نے ریاستی وزیر مسٹر ملا ریڈی کے داماد سی ایچ راجیشور ریڈی کو شکست دے کر حلقہ ملکا جگری سے کامیابی حاصل کی ہے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدواروں نے چیوڑلہ ‘ کھمم ‘ محبوب آباد‘ محبوب نگر‘ میدک ‘ناگرکرنول‘ پدا پلی ‘ ورنگل اور ظہیر آباد سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ حلقہ پارلیمان چیوڑلہ سے ٹی آر ایس کے ڈاکٹر رنجیت ریڈی منتخب قرار دیئے گئے جبکہ کھمم سے ٹی آر ایس امیدوار ناما ناگیشور راؤ نے کامیابی حاصل کی ۔ محبوب نگر سے ٹی آر ایس امیدوار سرینواس ریڈی نے کامیابی حاصل کی جبکہ محبوب آباد سے ایم کویتاٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ حلقہ میدک سے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھا کر نے کامیابی حاصل کی جبکہ حلقہ ناگر کرنول سے ٹی آر ایس امیدوار پی راملو کو کامیابی حاصل ہوئی ۔حلقہ پدا پلی سے ٹی آر ایس امیدوار این وینکٹیش کو کامیابی حاصل ہوئی جبکہ حلقہ ورنگل سے مسٹر پی دیاکرنے کامیابی حاصل کی اور حلقہ ظہیر آباد سے بی بی پاٹل نے کامیابی حاصل کی ہے۔ حلقہ حیدرآباد کی نشست پر اسد الدین اویسی نے چوتھی مرتبہ کامیابی حاصل کرلی ۔ انہوں نے اپنے حریف بی جے پی امیدوار بھگونت راؤ کو شکست دی ۔اس طرح تلنگانہ میں رات دیر گئے تک جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں ان کے مطابق منتخبہ امیدواروں کی کامیابی کے مارجن پر فرق ہو سکتا ہے جبکہ مشینوں کے ذریعہ بیشتر حلقہ جات میں رات دیر گئے تک گنتی کا عمل جاری رہا۔