حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کی توسیع میں مادیگا طبقہ کی نمائندگی کا مطالبہ کرتے ہوئے مادیگا طبقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نئی دہلی روانہ ہوئے تاکہ ہائی کمان سے نمائندگی کی جائے۔ کانگریس ہائی کمان نے کابینہ کی 6 مخلوعہ نشستوں میں 4 کو پُر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے 3 اپریل کو تقریب حلف برداری منعقد ہوگی۔ ہائی کمان نے مالا طبقہ سے تعلق رکھنے والے جی ویویک وینکٹ سوامی کے نام کو منظوری دی ہے جس پر مادیگا طبقہ کے ارکان نے اعتراض جتایا اور کہا کہ صرف مالا طبقہ کو ہی اہم عہدے دیئے جارہے ہیں جبکہ مادیگا طبقہ کو نظرانداز کردیا گیا۔ کانگریس ہائی کمان سے نمائندگی کیلئے بعض ارکان اسمبلی دہلی روانہ ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے مادیگا طبقہ کو گورنمنٹ چیف وہپ کے عہدہ کا پیشکش کیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر، گورنمنٹ چیف وہپ کے علاوہ اور بھی کئی نامزد عہدوں کی نشاندہی کی گئی جو ایسے طبقات کو دیئے جائیں گے جو کابینہ میں شمولیت سے محروم رہے ہیں۔ آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے خاندان میں بیک وقت تین عوامی نمائندے ہوچکے ہیں۔ وینکٹ سوامی کے فرزندان جی ویویک اور جی ونود ارکان اسمبلی ہیں جبکہ ویویک کے فرزند پداپلی سے پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔1