تلنگانہ کابینہ کا 19 اپریل کو اجلاس لاک ڈائون میں رعایتوں کا جائزہ

   

حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی صدارت میں 19 اپریل دوپہر ڈھائی بجے دن پرگتی بھون میں منعقد ہوگا۔ توقع ہے کہ مذکورہ اجلاس میں ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلائو پر قابو پانے کے لیے کئے جارہے اقدامات اور لاک ڈائون پر عمل آوری کے علاوہ دیگر امور پر غور کیا جائے گا۔ ریاست میں جاری لاک ڈائون کو موجودہ شکل میں 3 مئی تک جاری رکھا جائے یا پھر مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق 20 اپریل کے بعد کچھ رعایتوں کا اعلان کیا جائے اس بارے میں تبادلہ خیال اور فیصلے کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے کورونا سے غیر متاثرہ علاقوں میں 20 اپریل کے بعد بعض رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ میں بھی کئی اضلاع کورونا سے پاک ہیں اور بعض اضلاع میں کیسس کی تعداد انتہائی کم ہے۔ ایسے اضلاع میں مرکزی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رعایتوں پر عمل کیا جاسکتا ہے۔