تلنگانہ : کورونا کے 127 نئے کیس ‘ 6 اموات

,

   

حیدرآباد 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں جمعرات کو ایک دن میں کورونا کے 127 نئے پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ یہ تمام مقامی کیس ہیں اور ان میں کوئی مائیگرنٹ یا بیرون ملک سے آنے والا مریض شامل نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ آج کورونا کی وجہ سے چھ اموات بھی ہوئی ہیں۔ اس طرح اب ریاست میں جملہ 2699 مقامی افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 448 مائیگرنٹ اور بیرون ملک سے آنے والے کورونا مریض ہیں ۔ ریاست میں جملہ کورونا مریضوں کی تعداد اب بڑھ کر 3147 تک جا پہونچی ہے جبکہ آج چھ اموات کے بعد مہلوکین کی تعداد بھی بڑھ کر 105 ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آج کے متاثرین میں 110 کا تعلق گریٹر حیدرآباد حدود سے ہے جبکہ عادل آباد سے 7 نئے پازیٹیو کیس اور رنگا ریڈی سے 6 نئے پازیٹیو کیس منظر عام پر آئے ہیں۔ میڑچل میں دو کورونا مریضوں کا پتہ چلا ہے جبکہ سنگاریڈی اورکھمم ضلع سے ایک ایک نئے کورونا پازیٹیو کیس کی اطلاع ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ صحت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک جملہ 1587 مریضوں کو علاج و صحتیابی کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے جبکہ مزید 1455 کورونا وائرس کے مریض دواخانوں میں ہنوز زیر علاج ہیں۔