تلنگانہ کو مرکز سے آفات سماوی فنڈ کے تحت 3000 کروڑ کی اجرائی: کشن ریڈی

   

حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ 8 برسوں میں قومی آفات سماوی فنڈ کے تحت تلنگانہ کو 3000 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ 2018 سے آج تک قومی آفات سماوی فنڈ کے تحت 1500 کروڑ جاری کئے گئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز کی جانب سے آفات سماوی فنڈز کی عدم اجرائی کے بارے میں ٹی آر ایس گمراہ کن پروپگنڈہ کررہی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کو گمراہ کن مہم سے باز رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں فنڈز کی عدم اجرائی کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے ٹی آر ایس عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020-21 میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سیلاب کی صورتحال کے بعد مرکز نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر فنڈ کے تحت 599 کروڑ جاری کئے جس میں مرکزی حکومت کی حصہ داری 449 کروڑ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ میں 224.50 کروڑ جاری کئے گئے۔ 2020-21 میں تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تحت ریاست کی حصہ داری کے بشمول 1500 کروڑ جاری کئے گئے جس میں 1200 کروڑ مرکز کا حصہ ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ 2020 میں بارش کے متاثرین کی امداد کیلئے رقم کافی ہوچکی ہے۔ 2021-22 میں مرکز نے جملہ 479.20 کروڑ جاری کئے ۔ر