کھمم میں صدر تلگودیشم کا شاندار استقبال،دیگر علاقوں میں بھی پارٹی کے استحکام کی تیاری
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کے احیاء کیلئے صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے آج کھمم ضلع میں ایک بڑی ریالی منظم کی۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلگودیشم پارٹی نے کھمم میں اپنی طاقت کا پہلا مظاہرہ کیا۔ چندرا بابو نائیڈو جلسہ عام میں شرکت کیلئے حیدرآباد سے سڑک کے راستہ کھمم پہنچے اور گاڑیوں کے ایک طویل قافلہ کے ساتھ چندرا بابو نائیڈو جیسے ہی آج صبح جوبلی ہلز سے روانہ ہوئے راستہ میں جگہ جگہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کئی مقامات پر این ٹی راما راؤ کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے تلگودیشم کے بانی کو خراج پیش کیا۔ کھمم ، رنگاریڈی اور حیدرآباد اضلاع میں گذشتہ عام انتخابات میں تلگودیشم نے کئی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی تاہم ان کے منتخب اراکین ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ کھمم میں شاندار استقبال کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے کیشوا پورم میں این ٹی آر کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ انہوں نے تلگودیشم کے ’’شنکھا راوم‘‘ جلسہ عام سے خطاب کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی تلگودیشم پارٹی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم حکومت نے تلنگانہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور آج بھی حیدرآباد کے تمام اہم پراجکٹس تلگودیشم دور میں شروع کردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کیا گیا اور اس وقت تلگودیشم برسراقتدار تھی۔ کمپیوٹر اور سیل فون کے آغاز کے وقت تلگودیشم نے نئی نسل کو ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آج سیل فون اس قدر عام ہوچکا ہے کہ شوہر اور بیوی بھی اس کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ این ٹی راما راؤ نے تلگو قوم کی عزت نفس کے تحفظ کیلئے تلگودیشم پارٹی قائم کی۔ انہوں نے عہد کیا کہ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں اپنے احیاء کے ذریعہ عوام کی خدمت کرے گی۔ عنقریب این ٹی راما راؤ کے 100 یوم پیدائش کو بڑے پیمانے پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کے قیام کو 40 سال مکمل ہونے کو ہیں اور تلگو عوام دنیا کے کسی بھی گوشہ میں رہیں ان کی ترقی اور بھلائی کیلئے کام کررہی ہے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ریاستوں میں ترقی اور فلاح و بہبود میں تلگودیشم کا اہم رول رہا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کھمم کے بعد ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی عام جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے رسول پورہ میں این ٹی راما راؤ کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے کھمم کے دورہ کا آغاز کیا۔ گذشتہ آٹھ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب تلنگانہ میں چندرا بابو نائیڈو کا اس قدر استقبال ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کھمم میں کئی قائدین دوبارہ تلگودیشم پارٹی میں واپسی کی تیاری کررہے ہیں۔ر