تلنگانہ کی ضلع کانگریس کمیٹیاں سونیا گاندھی قیادت کے حق میں

,

   

اتم کمار ریڈی کو مکتوب حوالے، یوتھ کانگریس الیکشن ملتوی کرنے کی اپیل
حیدرآباد : تلنگانہ کی ضلع کانگریس کمیٹیوں نے صدرکانگریس کے عہدہ پر سونیا گاندھی کی تائید کرتے ہوئے ہائی کمان کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ ضلع کانگریس صدور نے آج گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے ملاقات کی اور سونیا گاندھی کی تائید میں مکتوب حوالے کئے ۔ تلنگانہ سے اے آئی سی سی کی صدارت کیلئے سونیا گاندھی کی تائید کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع کانگریس صدور نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں پارٹی کو سونیا گاندھی جیسے تجربہ کار قائد کی ضرورت ہے، انہیں پارٹی کے مستقل صدر کی حیثیت سے برقرار رہنا چاہئے ۔ ضلع کانگریس صدور نے ہائی کمان سے اپیل کی کہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تلنگانہ میں یوتھ کانگریس کے انتخابات ملتوی کریں۔ اسی دوران اتم کمار ریڈی نے ضلع کانگریس صدور کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پارٹی کی قیادت کے لئے سونیا گاندھی موزوں شخصیت ہیں۔ ملک بھر سے سونیا گاندھی کے حق میں تائید کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون میں سیوادل کی رکنیت سازی مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے پی وی نرسمہا راؤ صدی تقاریب کمیٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور آئندہ کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا ۔ ضلع کانگریس صدور نے اتم کمار ریڈی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کے لئے اتم کمار ریڈی کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران کانگریس قائدین و کارکنوں نے عوام کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ ضلع کانگریس صدور نے پارٹی تنظیم سازی کے لئے اقدامات کا مشورہ دیا اور کہا کہ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کو اس سلسلہ میں مختلف اضلاع کی ذمہ داری دی جانی چاہئے ۔