مقامی کوٹہ سے 1000نشستو ں کا اضافہ ، ماپ اپ راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد 188نشستیں مخلوعہ
حیدرآباد ۔ 19 ڈسمبر ( سیاست نیوز) ریاست میں طبی تعلیم کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے ۔ پہلے سے کہیں زیادہ اب ایم بی بی ایس کی نشستیں ان طلبہ کو دستیاب ہورہی ہیں جنہوں نے لاکھوں میں رینک حاصل کیا ہے ۔ کالوجی نارائن ہیلت یونیورسٹی نے بتایا کہ گذشتہ سال پرائیوٹ میڈیکل کالجس میں بی زمرے کی نشستیں اُن طلبہ کو دی گئی تھیں جنہوں نے نیٹ میں 2.70 لاکھ رینک حاصل کئے تھے لیکن اس بات 6.50 لاکھ رینک حاصل کرنے والے طلبہ کو نشستیں دستیاب ہورہی ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ این آر آئی کوٹہ میں پچھلے سال 9لاکھ رینک حاصل کرنے والوں کو نشست دی گئی تھی ۔ اس سال 10لاکھ کے قریب رینک حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی نشستیں دستیاب ہوئی ہیں ۔ اس وقت تلنگانہ میں 17 سرکاری اور 24 خانگی میڈیکل کالجس ہیں ۔ جاریہ سال 8نئے سرکاری میڈیکل کالجس کا آغاز ہوا ہے جس سے نشستو ں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ تمام گورنمنٹ اور پرائیوٹ میڈیکل کالجس میں نصف نشستیں کنوینر کوٹہ کے تحت مختص کی جاتی ہیں ۔ خانگی میڈیکل کالجس میں نصف نشستیں مینجمنٹ کوٹہ کیلئے مختص کی جاتی ہیں ۔ 50فیصد میں 35فیصد بی زمرے اور 15 فیصد این آر آئی کوٹہ کے تحت مختص کی جاتی ہیں ۔ کنوینر کوٹہ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 10ہزار اور خانگی میڈیکل کالجس میں 60 ہزار روپئے سالانہ فیس وصول کی جاتی ہے ۔ خانگی میڈیکل کالجس میں بی زمرے کیلئے 11.55 سالانہ فیس وصول کی جاتی ہے جبک این آر آئی کوٹہ کے بی زمرے میں دو دوگنی زیادہ فیس وصولی کی گنجائش ہے ۔ حکومت سے نئے میڈیکل کالجس کے قیام کے بعد اچھے رینک پانے والے طلبہ کو کنوینر کوٹہ میں نشستیں دستیاب ہوئی جبکہ ماباقی طلبہ کو بی زمرے میں نشستیں حاصل ہوئی ہیں ۔ اس مرتبہ حکومت نے بی زمرے میں 85 فیصد کوٹمہ مقامی امیدواروں کو مختص کیا ہے جس سے 1000سے زیادہ نشستیں تلنگانہ کو دستیاب ہوئی ہیں جس کی وجہ سے دوسری ریاستوں کے بہت کم امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھی جس کی وجہ سے 6.50 لاکھ رینک لانے والے طلبہ کو بھی بی زمرے میں نشستیں دستیاب ہوئی ہیں ۔ فی الحال تمام زمروں کی نشستوں کیلئے ماپ راونڈ تک نشستیں مختص کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ ایک اور اسپیشل راؤنڈ کا انعقاد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ دراصل موپ راؤنڈ سے کونسلنگ کا عمل اختتام کو پہنچتا ہے ۔ تاہم بی اور این آر آئی کوٹہ کی جو نشستیں مخلوعہ رہ گئی ہیں ان نشست وں پر داخلوں کیلئے اسپیشل راؤنڈ کے انعقاد پر غور کیا جارہا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق بی اور سی زمروں میں 188 ایم بی بی ایس کی نشستیں مخلوعہ رہ گئی جبکہ گذشتہ سال 144 ایم بی بی ایس کی نشستیں مخلوعہ رہ گئی تھی ۔ چند امیدواروں نے داخلہ لینے کے بعد اپنی نشستیں چھوڑ دیئے، چند نے بلال کیا اور چند کالجس میں این آر آئی کی نشستوں کی زیادہ فیس ہونے کی وجہ سے داخلہ نہیں لیا ہے ۔ ن