حیدرآباد :18 اکٹوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاستی یونیورسٹیز میں اسسٹنٹ پروفیسر کی مخلوعہ 429 جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں ۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ فینانس سندیپ کمار سلطانیہ نے جی او ایم ایس نمبر 142 جاری کیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں راست تقررات کے تحت مختلف یونیورسٹیز میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی گئی ۔ سکریٹری تلنگانہ کونسل ہائر ایجوکیشن نے مختلف یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست پیش کی جو ایکزیکٹیو کونسل کی جانب سے منظور کی گئی ۔ حکومت نے مخلوعہ جائیدادوں کو تقررات کو منظوری دے دی ہے ۔ کونسل فار ہائر ایجوکیشن اور یونیورسٹیز کے رجسٹرار کو اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی ۔ یہ تقررات یونیورسٹی میں تقررات کے قواعد کے مطابق کئے جائیں گے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں 252 اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی ہے ۔ اس کے علاوہ کاکتیہ یونیورسٹی 49 ، تلنگانہ یونیورسٹی 2 ، ستاواہانا یونیورسٹی 49 ، پالمور یونیورسٹی 45 ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی 16 اور تلگو یونیورسٹی میں 16 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی گئی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں جن ڈپارٹمنٹس میں تقررات کی منظوری دی گئی اُن میں اردو ڈپارٹمنٹ 4 ، عربی 3 ، انگلش 12 ، سنسکرت 1 ، تلگو 4 ، جرنلزم 1 اور اکنامکس ڈپارٹمنٹس میں 18 جائیدادیں شامل ہیں ۔ کاکتیہ یونیورسٹی کی جملہ 49 جائیدادوں میں اردو کی ایک اور تلگو کی تین جائیدادیں شامل ہیں ۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں اردو ، تلگو اور ہندی کے علاوہ جرنلزم اینڈ ماسک کمیونکیشن کی ایک ایک جائیداد شامل ہیں ۔حکومت نے یونیورسٹیز کو قواعد کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار دیا ہے ۔ 1/S