تلنگانہ کے اعلان کے تاریخی دن تلنگانہ سے لاتعلقی

   

کے سی آر کے فیصلہ پر جہدکاروں کی تنقید، 9 ڈسمبر تاریخی دن
حیدرآباد ۔9 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بھارت راشٹرا سمیتی میں تبدیل کرنے کے لئے آج کی تاریخ یعنی 9 ڈسمبر کا انتخاب تلنگانہ عوام کے لئے تجسس کا باعث بن چکا ہے۔ 9 ڈسمبر علحدہ تلنگانہ تحریک کا یادگار دن ہے اور کے سی آر کے مرن برت کے دوران 9 ڈسمبر 2009 ء کو مرکز میں کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے حکومت نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا اعلان کیا تھا ۔ اس اعلان کے بعد کے سی آر نے مرن برت ختم کیا اور ریاست بھر میں جشن منایا گیا۔ ہر سال 9 ڈسمبر کو تشکیل تلنگانہ کے اعلان کا جشن منایا جاتا ہے ۔ اس تاریخ کو تلنگانہ ریاست کا رسمی طور پر اعلان کیا گیا اور اسی دن کے سی آر نے ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرتے ہوئے لفظ تلنگانہ سے علحدگی اختیار کرلی ۔ تلنگانہ سے عوام کی جذباتی وابستگی تھی لیکن 9 ڈسمبر کے دن ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے فیصلہ پر خود ٹی آر ایس قائدین حیرت کا ا ظہار کر رہے ہیں۔ کیا یہ محض اتفاق ہے یا پھر منصوبہ بند پروگرام کا حصہ ہے ۔ الیکشن کمیشن نے 8 ڈسمبر کو بی آر ایس کے نام کی منظوری دیتے ہوئے مکتوب روانہ کیا اور دوسرے ہی دن کے سی آر نے قومی پارٹی کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔ تلنگانہ کے اعلان کے تاریخی دن پارٹی کے نام سے تلنگانہ غائب ہوچکا ہے۔ تلنگانہ کے جہد کاروں نے نام کی تبدیلی کے لئے 9 ڈسمبر کے انتخاب پر نکتہ چینی کی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ تلنگانہ کے عوام کا اس فیصلہ پر کیا ردعمل رہے گا۔ ر