تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں تیندوے کی تلاش شدت سے جاری

   

حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں تیندوے کی تلاش کا کام شدت کے ساتھ جاری ہے جس نے کل ہلچل مچادی تھی۔اس جنگلی جانور کو پکڑنے کے لئے ورنگل ضلع سے خصوصی ٹیم لائی گئی جس نے جنگلاتی علاقوں کا معائنہ کیا۔اس ٹیم کے ارکان نے مقامی افراد سے تفصیلات بھی حاصل کیں۔مقامی افراد نے اس ٹیم کے ارکان کو بتایا کہ گذشتہ شب اس تیندوے نے ایک شخص پر حملہ کیا اور فرار ہوگیا۔اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں سنسنی پھیل گئی اور لوگ خوفزدہ ہوگئے ۔اس ٹیم کے ارکان نے میڈیا کو بتایا کہ اس تیندوے کے پنجوں کے نشانوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔
ضلع کے وانی نگرعلاقہ میں کل رات 10 بجے پھر یہ تیندوا نظر آیا تھا جس کے بعد محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے مسلسل کئی گھنٹوں سے اسے پکڑنے کی کوششیں کیں۔بتایا گیا ہے کہ یہ تیندوا ہجوم کو دیکھ اچانک حملہ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔ اس دوران ایک نوجوان معمولی زخمی ہوگیا ہے جبکہ ایک صحافی تیندوے کے حملے میں محفوظ رہے ۔