صبح 6 بجے پہلا قافلہ مدینہ منورہ سے پہنچے گا، صدرنشین حج کمیٹی استقبال کریں گے
حیدرآباد ۔11 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی کا کل 12 جون سے آغاز ہوگا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ جمعہ کی صبح 6 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کے پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ مدینہ منورہ سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی عمل میں آئے گی۔ حجاج کرام کا دوسرا قافلہ جمعہ کو سہ پہر 3.50 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ جملہ 23 قافلوں سے حجاج کرام کی واپسی ہوگی اور آخری قافلہ 23 جون کو حیدرآباد پہنچے گا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کیلئے موثر سہولتوں کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں ۔ ایرپورٹ پر حجاج کرام کو فی کس 5 لیٹر زم زم حوالے کیا جائے گا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ساتھ زم زم لانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ سعودی حکام کی جانب سے بیاگیج میں زم زم لانے پر پابندی ہے۔ زم زم کی موجودگی کی صورت میں بیاگیج سے نکال دیئے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے حجاج کرام کو مشورہ دیا کہ وہ قیمتی سامان اور ممنوعہ اشیاء ساتھ نہ لائیں تاکہ ایرپورٹ پر کوئی دشواری نہ ہو۔ تلنگانہ امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 9685 حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئے جن میں تلنگانہ کے 6646 حجاج کرام شامل ہیں۔ آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، آسام ، بہار ، چھتیس گڑھ ، گجرات ، جھارکھنڈ ، مدھیہ پردیش ، اڈیشہ، ٹاملناڈو ، اترپردیش اور مغربی بنگال کے حجاج بھی حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے۔1/k