تلنگانہ کے دو طلبا امریکہ میں غرقاب

   


حیدرآباد 28 نومبر ( سیاست نیوز ) ایک افسوسناک واقعہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے دو طلبا امریکی ریاست مسوری کی ایک جھیل میں غرقاب ہوگئے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ متوفی نوجوانوں کی 24 سالہ یو کنٹا اور 25 سالہ شیوا کیلیگاری کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ دونوں طلبا ہفتے کو غرقاب ہوئے ہیں اور یہ اطلاع اب عام ہوئی ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم سے کہا کہ دونوں نوجوانوں کی نعشوں کو جلد از جلد واپس لانے کیلئے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ پتہ چلا ہے کہ یو کنٹا جھیل میں پیراکی کیلئے گیا اور پھر اوپر نہیں آیا ۔ اس کے دوست شیوا نے بھی کنٹا کو بچانے کیلئے جھیل میں چھلانگ لگادی تاہم وہ بھی واپس نہیں آیا ۔ پولیس نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ کنٹا کی نعش دو گھنٹے بعد دستیاب ہوئی جبکہ شیوا کی نعش اتوار کو نکالی جاسکی ۔