حیدرآباد : /7 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کیلئے 3 سینئر آئی پی ایس عہدیدار دوڑ میں شامل ہیں ۔ /31 ڈسمبر 2022 ء میں موجودہ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہندر ریڈی وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے نئے ریاستی پولیس سربراہ کیلئے 5 سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کے نام یونین پبلک سرویس کمیشن کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 1989 ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے اومیش شرف جو موجودہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کے سربراہ ہیں اور 1990 ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے انجنی کمار اور روی گپتا برسرخدمت ہے لیکن اومیش شراف آئندہ سال جولائی میں وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں لہذا ان کے نام پر یو پی ایس سی کی جانب سے غور نہیں کئے جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح انجنی کمار جو ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے رتبہ پر ترقی حاصل کرچکے ہیں وہ موجودہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے سربراہ ہیں جبکہ انہی کے بیاچ سے تعلق رکھنے والے گوئیند سنگھ بھی جاریہ ماہ سبکدوش ہورہے ہیں ۔ 1991 ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند کو بھی عنقریب ڈائرکٹر جنرل پولیس کے رتبہ پر ترقی دی جائے گی ۔ روی گپتا ، انجنی کمار اور سی وی آنند ریاستی پولیس سربراہ (ڈی جی پی) کی دوڑ میں شامل ہے ۔ یو پی ایس سی قوانین کے مطابق ریاستی حکومت کو ان 5 سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کے نام کی تجویز بھیجنا لازم ہے اور کمیشن کی کمیٹی 3 ناموں کو قطعیت دینے کے بعد اسے دوبارہ ریاستی حکومت کو تجویز واپس بھیجے گی اور ان تینوں عہدیداروں میں ریاستی حکومت کو ڈی جی پی نامزد کرنا لازم ہے ۔ انجنی کمار سابق میں پولیس کمشنر حیدرآباد کی حیثیت سے 3 سال سے زائد خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ ریاستی ہوم سکریٹری روی گپتا بھی انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔ اسی طرح حیدرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند بھی لا اینڈ آرڈر پولیسنگ میں وسیع تجربہ ہے کیونکہ سابق میں انہوں نے پولیس کمشنر سائبرآباد ، پولیس کمشنر وجئے واڑہ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں ۔