تلنگانہ کے پوسٹ آفس سے 1500رقمی امداد کی فراہمی

   

بینک کھاتے نہ رکھنے یا غیرکارکرد والے افراد کیلئے سہولت : جی کملاکر
حیدرآباد ۔ 26 ؍اپریل (این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے ان تمام سفید راشن کارڈ گیرندوں کو ریاست بھر میں واقع تمام پوسٹ آفس کے ذریعہ 1500 روپئے نقد دینے کا فیصلہ کیا ہے جو بینک کھاتے نہ ہونے یا غیر کارکرد ہونے کے سبب اپنی امداد نہیں حاصل کرسکے ہیں ۔ ریاستی وزیر بہبود و پسماندہ طبقات جی کملاکر نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں 24 ڈاک خانے موجود ہیں جہاں مستحق افراد کو رقمی امداد کی فراہمی کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن کے نام استفادہ کنندان کی فہرست میں شامل ہیں اور 1500 روپئے حاصل کرنے کے مستحق ہیں وہ اپنے راشن کارڈ یا ادھار کارڈ بتاتے ہوئے متعلقہ ڈاک خانے سے رقمی امداد حاصل کرسکتے ہیں ۔ ڈاک خانوں کے ذریعہ 1.21 لاکھ استفادہ کنندگان کو امداد دینے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تا حال 52000 استفادہ کنندگان رقم حاصل کرچکے ہیں ۔