تلنگانہ کے پہلے آدھار سیوا کیندر کامادھا پور میں آغاز

   

حیدرآباد۔/27نومبر ، ( این ایس ایس) ہندوستانی اتھارٹی برائے منفرد شناخت ( یو آئی ڈی اے آئی) کی طرف سے تلنگانہ میں چلائے جانے والے پہلے آدھار سیوا کیندر کا افتتاح عمل میں آیا۔ مادھا پور کے وٹھل راؤ نگر میں واقع یہ سنٹر روزانہ ایک ہزار آدھار اندراجات یا ان کی ترمیم و تصحیح کی صلاحیت رکھتا ہے۔ عوام اس سنٹر سے ناموں کے اندراجات کے علاوہ نام، پتہ، جنس، تاریخ پیدائش ، موبائیل نمبر، بائیو میٹرک تفصیلات، تصاویر، ابہام انگشت ( فنگر پرنٹس ) کی درستگی ، اصلاح و ترمیم جیسی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں آن لائن اپواینٹمنٹ کی سہولت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیںask.uidai.gov.in کے یو آر ایل پر کلک کرتے ہوئے آدھار سیوا کیندرا کی خدمات سے استفادہ کیلئے مناسب تاریخ اور وقت حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ سیوا کیندر بشمول اتوارتمام دن صبح9:30 تا 5:30 بجے شام کام کرے گا۔اس مرکز پر ضرورت مند افراد کے بیٹھنے کیلئے نشستوں کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔پانچ سے 15 سال کے بچوں کے آدھار اندراج اور لازمی بائیو میٹرک تفصیلات کی سہولت مفت رہے گی۔