تلنگانہ کے ہر شہری کیلئے جامع فلاحی کارڈ کی تیاری: ریونت ریڈی

   

سرکاری اسکیمات کے استعمال کی تفصیلات ، آدھار کی طرز پر ریاستی سطح کا شناختی نمبر،جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔29۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت ہرشہری کیلئے ایک جامع فلاحی کارڈ (یونیفائیڈ کارڈ) متعارف کرے گی جس میں مختلف سرکاری محکمہ جات کی فلاحی اسکیمات سے متعلق تفصیلات دستیاب رہیں گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یونیفائیڈ کارڈ کی تیاری کے منصوبہ پر عمل شروع کریں اور تمام محکمہ جات سے اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی تفصیلات حاصل کی جائیں ۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہا کہ یونیفائیڈ کارڈ کے ذریعہ پتہ چلے گا کہ کس شہری کو کس محکمہ کے تحت کونسی اسکیمات سے کتنی مالی یا دیگر امداد حاصل ہورہی ہے۔ تمام شہریوں کی مکمل فلاحی پروفائیل ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہونے سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور حقیقی مستحقین تک اسکیمات کے فوائد موثر انداز میں پہنچ پائیں گے۔ اجلاس میں وزیر آئی ٹی سریدھر بابو ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے علحدہ کارڈس جاری کرنے کی بجائے محکمہ آئی ٹی کی نگرانی میں ایک جامع فلاحی کارڈ تیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی میں مہارت والے سرکاری عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ کارڈ میں آروگیہ شری ، چیف منسٹر ریلیف فنڈ، فیس ری ایمبرسمنٹ ، محکمہ لیبر ، محکمہ تعلیم ، انشورنس و سرکاری اسکیمات کی تفصیل شامل رہیں گی۔ ضرورت پڑنے پر آدھار کی طرز پر ریاستی سطح کا منفرند شناختی نمبر جاری کیا جائے گا۔ حالیہ سماجی ، معاشی ، تعلیمی ، روزگار ، سیاسی اور ذات پر مبنی سروے کی معلومات اس کارڈس سے منسلک کی جائیگی۔ چیف منسٹر نے آرٹیفشل انٹلیجنس پر مبنی پروفائل سسٹم متعارف کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکٹ جاری ہو تو اس کی معلومات فوری طور پر پنشن ڈیٹا بیس تک پہنچ جائیں۔ عوام کی ہیلت پروفائل کو اس کارڈ سے مربوط کیا جائیگا۔ 1/k