تلنگانہ کے 37 کارپوریشنوں کے صدورنشین کی میعاد آج ختم ہوگی

   

حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 37 سرکاری کارپوریشنوں اور فیڈریشنوں کے صدورنشین کی میعاد کل 8 جولائی کو مکمل ہوجائے گی۔ ایسے میں سبکدوش صدورنشین نے میعاد میں توسیع کے لئے پیروی تیز کردی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دوسرے مرحلہ کے تحت نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ سے مشاورت کرتے ہوئے 75 نامزد عہدوں کی نشاندہی کی ہے۔ 10 سال کے وقفہ کے بعد کانگریس پارٹی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئی اور 30 ماہ کے اقتدار میں محض 37 اداروں کے صدورنشین کا تقرر کیا گیا جن کی میعاد ختم ہورہی ہے۔V/1
کئی سینئر اور وفادار کانگریس قائدین اور کارکن نامزد عہدوں پر تقررات سے محروم رہے ہیں۔ سبکدوش صدورنشین کی میعاد میں توسیع پر حکومت اور پارٹی میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی خود بھی میعاد میں توسیع کے حق میں نہیں ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ نئے چہروں کو موقع دیا جانا چاہئے۔ جن صدورنشین کی میعاد ختم ہورہی ہے اُنھیں پارٹی کی سطح پر عہدوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے بھی میعاد میں توسیع کے بجائے دیگر کارکنوں کو موقع دینے کی سفارش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ مجالس مقامی اور پنچایت راج انتخابات میں کانگریس کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو نامزد عہدوں میں ترجیح دی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے سفارشی ناموں کی جو فہرست پیش کی ہے اُن میں چیف منسٹر نے میناکشی نٹراجن سے مشاورت کے ذریعہ کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میناکشی نٹراجن اے آئی سی سی مبصر کے طور پر پنجاب کے دورہ پر ہیں جہاں اسمبلی انتخابات قریب ہیں۔ توقع ہے کہ وہ جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں حیدرآباد واپس ہوں گی اور اُس وقت نامزد عہدوں پر تقررات کی فہرست کو قطعیت دی جائے گی۔V/1