تلنگانہ کے 4 کول بلاکس کے ہراج کے فیصلہ کو واپس لیا جائے

   

لوک سبھا میں اتم کمار ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے لوک سبھا میں تلنگانہ کے سنگارینی کالریز سے تعلق رکھنے والے 4 کول بلاکس کو خانگیانے کی مخالفت کی۔ خصوصی تذکرہ کے تحت لوک سبھا میں اس معاملہ کو پیش کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کول بلاکس کو خانگیانے کا عمل روکنے کا تیقن دیا تھا باوجود اس کے مرکزی حکومت خانگیانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں کول بلاکس عوامی شعبہ کے ادارہ سنگارینی کالریز کو الاٹ کئے گئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو کول بلاکس کے خانگیانے پر سخت اعتراض ہے۔ یہ کول بلاکس 100 سالہ قدیم سنگارینی کالریز سے متصل ہیں۔ سنگارینی کالریز منافع بخش ادارہ ہے اور گذشتہ 20 برسوں سے خسارہ کے بغیر کام کررہا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے کول بلاکس کے ہراج کا فیصلہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کالریز کے ذریعہ تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹرا، کرناٹک اور ٹاملناڈو کے تھرمل پاور اسٹیشنوں کو کوئلہ سربراہ کیا جارہا ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ ہراج کا عمل روکتے ہوئے کول بلاکس سنگارینی کالریز کو الاٹ کرے۔ انہوں نے مرکزی وزیر کوئلہ پرہلاد جوشی سے اس سلسلہ میں کارروائی کی اپیل کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی پر سنگارینی کالریز کے مفادات کے خلاف کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سنگارینی کالریز کے بارے میں عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ر