تلنگانہ کے 80 فیصد عوام میں کورونا علامات نہیں

   

ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ، ڈائرکٹر ہیلت ڈاکٹر سرینواس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر آف ہیلت ڈاکٹر سرینواس نے بتایا کہ ریاست میں 80 فیصد افراد میں کورونا کی علامات نہیں ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ 9786 افراد ہوم آئسولیشن میں ہیں۔ خانگی میڈیکل کالجس میں بھی کورونا کے علاج کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 54 خانگی ہاسپٹلس میں علاج کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور مجموعی طور پر 98 دواخانوں میں کورونا کے مریضوں کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گذشتہ دس دنوں میں کورونا کے ٹسٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ریاست میں تاحال 36221 کورونا کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ لاک ڈاؤن میں رعایتوں کے بعد کیسس کی تعداد میں اضافہ کا انہوں نے اعتراف کیا۔ ریاست میں پیر کے روز ایک دن میں 11525 کورونا ٹسٹ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا اموات کی شرح 2.7 فیصد ہے جبکہ تلنگانہ میں یہ صرف ایک فیصد ہے۔ تلنگانہ میں ابھی تک 365 اموات واقع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں صحتیابی کی شرح 99 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 80 فیصد افراد کورونا کی علامتوں سے پاک ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں 30 دواخانوں میں کورونا کا ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے علاج کو غیر مرکوز کرتے ہوئے عوام کی صحتیابی کی شرح میں اضافہ کیا گیا۔