تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے دو سینئر ججس کا اضافہ

   

جسٹس سجئے پال اور جسٹس ایم بھٹا چاریہ کا مدھیہ پردیش اور کلکتہ سے تبادلہ

حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے دو ججس کا تبادلہ عمل میں لایا ہے۔ مدھیہ پردیش اور کلکتہ ہائی کورٹ کے سینئر ججس جسٹس سجئے پال اور جسٹس موشمی بھٹا چاریہ کا تلنگانہ ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا ہے۔ جسٹس سجئے پال مدھیہ پردیش ہائی کورٹ اور جسٹس ایم بھٹا چاریہ کلکتہ ہائی کورٹ کے سینئر ججس میں شمار کئے جاتے ہیں۔ توقع ہے کہ دونوں ججس عنقریب تلنگانہ ہائی کورٹ میں کام کاج کا آغاز کریں گے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی زیر قیادت سپریم کورٹ کے کالجیم میں ایک ماہ قبل دونوں ججس کے تلنگانہ ہائی کورٹ تبادلہ کی سفارش کی تھی۔ صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد مرکزی حکومت نے اعلامیہ جاری کیا۔ جسٹس سجئے پال سینئر جج کے طور پر13 سال کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس الوک ارادھے کے بعد سینئر ترین جج شمار کئے جائیں گے جبکہ جسٹس موشمی بھٹاچاریہ سینئر جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گی۔ دو ججس کے اضافہ سے تلنگانہ ہائی کورٹ میں ججس کی تعداد بڑھ کر 28 ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے منظورہ ججس کی تعداد 42 ہے۔1