تلگودیشم سے بی جے پی کے ممکنہ اتحاد کی خبریں گمراہ کن:چگ

   

حیدرآباد، 13 جنوری (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چُگ نے میڈیا میں اس رپورٹ کی مذمت کی کہ بی جے پی کی تلنگانہ یونٹ تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ اتحاد کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ ایک بیان میں تلنگانہ بی جے پی انچارج ترون چگ نے کہا کہ یہ رپورٹ گمراہ کن ہے اور اس کا مقصد من گھڑت کہانی بنانا ہے ۔جمعرات کو نئی دہلی میں کچھ میڈیا والوں کے ساتھ ایک غیر رسمی میٹنگ میں بی جے پی لیڈر نے کہا کہ انہوں نے کوئی ایسی بات نہیں کہی جس سے ٹی ڈی پی کے ساتھ اتحاد پر غور یا تجویز کیا جا سکے ۔ مسٹر چگ نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں جو تلنگانہ میں اپنی بنیاد اور مطابقت کھو چکی ہیں تلنگانہ بی جے پی اور ممکنہ اتحاد پر جھوٹے پروپیگنڈہ کا سہارا لے رہی ہیں۔ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ تلنگانہ بی جے پی اتنی مضبوط ہے کہ وہ بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کو تنہا شکست دے سکتی ہے کیونکہ یہ واحد متبادل کے طور پر ابھری ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے انچارج کی حیثیت سے میں ایک بار پھر اس غلط اطلاعاتی مہم کی مذمت کرتا ہوں اور میڈیا سے خواہش کرتا ہوں کہ وہ افواہیں پھیلانے سے باز رہیں۔