تلگو آئی اے ایس عہدیدار ڈاکٹر روی آسام کے چیف سکریٹری

   

آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم سے تعلق
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیدار ڈاکٹر روی کوٹا کو آسام ریاست کا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا جو ریاست کے 51 ویں چیف سکریٹری ہیں۔ کسی تلگو آئی اے ایس عہدیدار کا آسام کے چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہونا یہ پہلی مرتبہ ہے۔ آندھراپردیش کے پرکاشم ضلع کے سنتا بوملّی منڈل کے کوٹا پاڈو گاؤں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر روی کوٹا کو آسام کا نیا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا۔ 1993 ء آسام میگھالیہ آئی اے ایس کیڈر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر روی نے اتوار کو اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ پبن کمار آئی اے ایس کے وظیفہ پر سبکدوش ہونے کے بعد اُنھیں اِس عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔ 12 اپریل 1966 ء کو روی کوٹا کا جنم ہوا اور 30 سالہ سروس میں اُنھوں نے مرکز اور کئی ریاستوں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی قونصلیٹ میں معاشی شعبہ کے ہیڈ کے طور پر ڈاکٹر روی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان معاشی تعلقات کی بہتری میں اُنھوں نے نمایاں رول ادا کیا۔ پندرہویں قومی فینانس کمیشن میں جوائنٹ سکریٹری کے طور پر اُنھوں نے فرائض انجام دیں۔ ڈاکٹر روی نے ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو درپیش معاشی مسائل پر رپورٹ پیش کی تھی۔ پبلک فینانس، مائیکرو اکنامکس سے متعلق پالیسی کی تیاری میں اُنھوں نے آسام حکومت کی مدد کی تھی۔ چیف سکریٹری کے علاوہ صنعتوں کے فروغ کی ذمہ داری بھی ڈاکٹر روی کے تحت ہے۔ 1