تلگو این آر آئی اکھلیش ریڈی بنگلورو سے گرفتار

   

کانگریس ایم ایل اے کو دھمکی دینے پر کریمنگر جیل بھیج دیا گیا
حیدرآباد۔11فروری ( سیاست نیوز) لندن میں رہنے والے ایک تلگو شخص کو بنگلورو ہوائی اڈے سے گرفتار کرلیا گیا۔وائی اکھلیش ریڈی کو واٹس ایپ کال پر چوپا ڈنڈی کے ایم ایل اے میڈی پلی ستیم کو دھمکی دینے اور رقم کا مطالبہ کرنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد کریم نگر دیہی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ انہیں منگل کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ریمانڈ پرکریمنگر جیل بھیج دیا گیا ۔پولیس کے مطابق گزشتہ سال 28 ستمبر کو ایم ایل اے ستیم کو ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ کال موصول ہوئی جس میں 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ فون کرنے والے نے یہ دھمکی بھی دی کہ وہ اسے بدنام کر دے گا اور رقم ادا نہ کرنے پر اس کے دو بچوں کو یتیم کر دے گا۔ایم ایل اے کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔انہوں نے جلد ہی ملزم کی شناخت یاسا اکھلیش ریڈی کے طور پر کی جو کہ رنگاریڈی ضلع کے بوڈوپل کا رہنے والا ہے اور لندن میں مقیم ہے۔ اس کے بعد پولیس نے گزشتہ سال اکتوبر میں بیورو آف امیگریشن کے ذریعے ایک لک آؤٹ سرکلر جاری کیا۔اکھلیش ریڈی جنوری میں بنگلورو آیاجہاں امیگریشن حکام نے اس کوحراست میں لیا اورکوٹھاپلی پولیس کو مطلع کیا۔ کریم نگر دیہی اے ایس پی شبھم پرکاش نے بتایا کہ یہاں سے ایک ٹیم بنگلورو پہنچی اور پیر کو اکھلیش ریڈی کو گرفتار کیاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسے کریم نگر لایا گیا اور عدالت میں پیش کیا گیا۔اس کو کریم نگر جیل میں ریمانڈ پر رکھا گیا ہے۔دھمکی کال کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔ع